دنیا کو آبنائے ہرمز کی ضرورت، کسی ملک کو بلیک میل کرنے کی اجازت نہیں دینگے: ٹرمپ
واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ہم کسی ملک کو بلیک میل کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے، ایران نے پیغام بھیجا تھا کہ وہ بے تابی سے ڈیل چاہتے ہیں۔
وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو میں امریکی صدر نے کہا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات میں بہت سی باتوں پر سمجھوتا ہوچکا تھا، یورینیم معاملے پر اتفاق نہیں ہوسکا۔
انہوں نے کہا کہ امریکی وفد نے اچھے جبکہ ایران نے برے طریقے سے مذاکرات کیے، ایران کسی صورت جوہری ہتھیار نہیں رکھ سکتا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ ہم کسی ملک کو بلیک میل کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے، گزشتہ روز آبنائے ہرمز سے 34 جہازوں کی آمد و رفت ریکارڈ کی گئی، دنیا کو آبنائے ہرمز کی ضرورت ہے، جس کی ناکہ بندی شروع کردی گئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکا کے پاس سعودی عرب اور روس سے زیادہ تیل کے ذخائر ہیں، دنیا کے بہت سے ملکوں کے جہاز اس وقت تیل لینے امریکا آرہے ہیں۔
واضح رہے کہ امریکی فوج نے ایران کے سمندری راستوں کی ناکہ بندی شروع کردی ہے۔
امریکا نے آج سے ایرانی بندرگاہوں میں داخل اور نکلنے والے جہازوں کی ناکہ بندی کرنے کا اعلان کیا تھا، ناکہ بندی کا عارضی نفاذ جہازوں کی ایرانی پورٹس میں آمد و رفت پر ہوگا۔
امریکی سینٹ کام کا کہنا ہے کہ خلیج عرب و خلیج عمان میں ایرانی پورٹس سے آنے جانے والے جہازوں پر بھی اس کا نفاذ ہوگا۔
امریکی فوج کے مطابق ناکہ بند علاقے میں بغیر اجازت داخل ہونے یا نکلنے والے کسی بھی جہاز کو روکا، موڑا یا قبضے میں لیا جائے گا۔