گیس بحران ،ایم کیوایم کی وفاق سے مداخلت کی اپیل

گیس بحران ،ایم کیوایم کی وفاق سے مداخلت کی اپیل

محنت کش طبقے کو سلنڈر مافیا کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ، اراکینِ سندھ اسمبلی

کراچی(این این آئی)کراچی میں گیس کی نایابی نے سنگین انسانی المیے کی صورت اختیار کر لی ہے ،گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور پریشر میں کمی کے باعث گھریلو زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے ، اس صورتحال پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے اراکینِ سندھ اسمبلی نے اسے متعلقہ ادارے کی کھلی بدنیتی اور کراچی دشمنی قرار دیتے ہوئے وفاقی حکومت سے فوری مداخلت کی اپیل کی ہے ۔جاری بیان میں کہا گیا کہ کراچی کا شہری اس وقت دوہری اذیت کا شکار ہے ایک طرف ماہانہ بنیادوں پر ہزاروں روپے کے بل اور فکسڈ چارجز جبری طور پر وصول کیے جا رہے ہیں تو دوسری طرف بنیادی ضرورت کی فراہمی صفر ہو چکی ہے۔

صارفین ذہنی کرب میں مبتلا ہیں کہ وہ بچوں کے لئے کھانا پکائیں یا ان بھاری بلوں کی ادائیگی کے لئے ادھار لیں، گیس کی فراہمی کا شیڈول محض ایک دھوکہ ثابت ہوا ہے ۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ عوامی حقوق پر سمجھوتہ نہیں ہوگا،سندھ اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں بھرپور احتجاج کیا جائے گا اور تحریکِ التوا پیش کی جائے گی، اگر گیس کی سپلائی فوری طور پر بحال نہ کی گئی اور غیر اعلانیہ بندش کا خاتمہ نہ ہوا تو عوام کے ساتھ مل کر احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا،محنت کش طبقے کو باہر کے مہنگے کھانے اور سلنڈر مافیا کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے جو کسی صورت قبول نہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں