معیاری تعلیم کے بغیر مضبوط معاشرہ ممکن نہیں،منعم ظفر
بلدیاتی نمائندے محدود وسائل کے باوجود عوامی خدمت میں مصروف ہیںگلستان جوہر میں پڑھو پڑھاؤ مہم کیمپ، فاطمہ ثریا بجیا پارک کے افتتاح پر گفتگو
کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے گلستان جوہر میں پڑھو پڑھاؤ مہم کے سلسلے میں لگائے گئے کیمپ اور گلستان جوہر بلاک 1میں فاطمہ ثریا بجیا پارک کا افتتاح کردیا۔پڑھو پڑھاؤ مہم25اپریل تک جاری رہے گی جس سے گلستان جوہر بلاک 1تا بلاک 15کے افراد اپنے بچوں اور بچیوں کیلئے مفت کتابیں حاصل کرسکیں گے ۔اس موقع پر علاقہ مکینوں سے گفتگو کرتے ہوئے منعم ظفر نے کہا کہ بچوں کو معیاری تعلیم فراہم نہیں کی گئی تو ہم مضبوط اور خودمختار معاشرہ کبھی تشکیل نہیں دے سکتے ، اسی لیے ہم پڑھو پڑھاؤ مہم اور بنو قابل پروگرام کے ذریعے کراچی میں ایک تعلیمی انقلاب برپا کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بنوقابل پروگرام کے تحت ہم نوجوانوں کو جدید آئی ٹی تعلیم مفت فراہم کر رہے ہیں،جماعت اسلامی کے بلدیاتی نمائندے محدود وسائل کے باوجود عوامی خدمت کے کاموں میں مصروف ہیں، ہمارے 9ٹاؤن کی کارکردگی اس با ت کا ثبوت ہے کہ وسائل اگر ایماندار، اہل اور عوام سے مخلص قیادت کے ہاتھوں میں ہوں تو وسائل کی کمی عوامی خدمت اور مسائل کے حل کی راہ میں رکاوٹ نہیں بنتی، ہم نے جو وعدے کیے تھے دستیاب وسائل میں ان کو پورا کر رہے ہیں،ریڈ لائن سمیت شہر میں التواء کے شکار ترقیاتی منصوبے عوام کیلئے عذاب بنے ہوئے ہیں، اس کی وجہ اختیارات کی کمی نہیں بلکہ نا اہلی اورکرپشن ہے ۔