اندرون سندھ:فائرنگ واقعات میں خاتون سمیت 3 قتل
نوڈیرو میں ملزموں نے منظور شیخ کو نشانہ بنایا،کنڈیارو میں دیدار کو چوکیدار کی گولی لگی شہدادپور کے قریب وزیراں زوجہ بخت حسین کو مبینہ کاروکاری الزام میں گولی ماری گئی
نوڈیرو، کنڈیارو، محراب پور (نمائندگان دنیا) اندرون سندھ فائرنگ واقعات میں خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔ نوڈیرو میں باب ذوالفقار پھاٹک کے قریب ملزموں نے غریب آباد کے رہائشی نوجوان منظور شیخ کو اندھا دھند فائرنگ کر کے قتل کر دیا اور فرار ہوگئے ۔واقعہ کے بعد فرار ہوتے ایک ملزم کو شہریوں نے پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا۔ کنڈیارو کے نواحی گاؤں لونگ اجن میں فائرنگ کے واقعہ میں ریٹائرڈ پولیس اہلکار جاں بحق ہو گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق جاں بحق شخص کی شناخت دیدار سہتو کے نام سے ہوئی۔ ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ فائرنگ کا واقعہ مبینہ طور پر چوکیدار کی گن سے اتفاقی گولی چلنے کے باعث پیش آیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے ۔ ذرائع کے مطابق مقتول دیدار سہتو اور چوکیدار مجید اجن میں کسی بات پر تکرار بھی ہوئی تھی۔ پولیس نے لاش ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دی۔ شہدادپور کے قریب گاؤں مجنوں خان چانگ میں گھریلو تنازع پر 45 سالہ وزیراں زوجہ بخت حسین خاصخیلی کو گولیاں مار کر قتل کر دیا گیا۔ دوسری جانب یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ خاتون کو مبینہ طور پر کاروکاری کے الزام میں قتل کیا گیا۔ محراب پور سے نمائندے کے مطابق گاؤں کمن مہیسر میں معمولی بات پر ملاح اور میسر برادری کے دو گروپوں میں تصادم میں ڈنڈے ، اینٹیں لگنے سے مشرف مہیسر سمیت متعدد افراد زخمی ہوگئے ۔