واپڈا ملازمین کی حق تلفی،مسائل میں اضافہ ہو رہا ، لطیف نظامانی
عید بونس کی عدم ادائیگی، نئی بھرتیوں میں تاخیر، بیواؤں کو حقوق نہ ملنا تشویشناک یونین میں ذاتی مفادات کیلئے تعلقات رکھنے والے عناصر کی کوئی جگہ نہیں ہونی چاہیے
لاڑکانہ (بیورورپورٹ) واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز لیبر یونین پاکستان کے مرکزی صدر عبد اللطیف نظامانی نے کہا ہے کہ سیپکو کے سی ای او کے ساتھ ایجنڈا بنیاد پر پوائنٹ ٹو پوائنٹ ملاقات کی گئی، مرحوم ملازمین کے اہل خانہ، بیواؤں اور یتیم بچوں کے حقوق کے حوالے سے یونین عہدیدار جواب دہ ہیں مگر عملی اقدامات نظر نہیں آ رہے ، ملازمین کی حق تلفی ہو رہی ہے اور ان کے مسائل میں اضافہ ہو رہا ہے جبکہ عید بونس کی عدم ادائیگی، نئی بھرتیوں میں تاخیر اور بیواؤں کو حقوق نہ ملنا تشویشناک ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یونین کا مقصد صرف فلاح و بہبود ہونا چاہیے اور بلیک میلنگ یا ذاتی مفادات کے لیے تعلقات رکھنے والے عناصر کی کوئی جگہ نہیں ہونی چاہیے ۔ انہوں نے مزید کہا تنظیمی سطح پر عدم سنجیدگی عروج پر ہے ، اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو ملازمین کے مسائل مزید گمبھیر ہو جائیں گے ۔ انہوں نے یونین عہدیداروں پر زور دیا کہ وہ تنظیم پر توجہ دیں، باقاعدہ ریجنل میٹنگز منعقد کریں، تحریری ایجنڈا تیار کریں اور زونل انتخابات سے قبل امور کو بہتر بنائیں تاکہ ملازمین کے حقوق کا مؤثر دفاع کیا جا سکے ۔ دوسری جانب آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین سیپکو ریجن کی لیبر کے مسائل کے حل کے لئے سی ای او سیپکو اعجاز احمد چنہ کی قیادت میں ہیڈ کوارٹرز میں ورکس کونسل کی میٹنگ کی گئی، جس میں سیپکو کے تمام افسران نے شرکت کی۔