گاڑیوں کی درآمد میں پاسپورٹ کاغلط استعمال، حکام کونوٹس
موکل کو علم نہیں،وکیل، ہائیکورٹ نے محکمہ کسٹم، نادرا سے جواب مانگ لیا
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ نے گاڑیوں کی درآمد میں پاسپورٹ کے مبینہ غلط استعمال سے متعلق کیس میں درخواست گزار خالد کی حفاظتی ضمانت پر نوٹس جاری کرتے ہوئے محکمہ کسٹم، نادرا سے 27 اپریل تک جواب طلب کرلیا۔ سماعت کے دوران وکیل محمد منصف نے مؤقف اپنایا کہ انکے موکل سمیت 59 افراد کیخلاف دبئی سے گاڑیوں کی درآمد کیلئے پاسپورٹ کے غلط استعمال کا مقدمہ درج ہوا، جس کے بعد سے موکل کا شناختی کارڈ بلاک ہے ۔ درخواست گزار دبئی میں مزدورہے اور اسے اس بات کا علم نہیں کہ اس کا پاسپورٹ کس نے استعمال کیا۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ حفاظتی ضمانت کا معاملہ فریقین کے جوابات کی روشنی میں طے ہوگا۔ دوسری جانب سندھ ہائیکورٹ میں نقیب اللہ قتل کیس میں سابق ایس ایس پی راؤ انوار ودیگر کی بریت کیخلاف درخواست کی سماعت 25 مئی تک ملتوی کر دی گئی۔ درخواست گزار کے وکیل جبران ناصر ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ مقتول کے بیٹے سے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی تاہم ان کے علاقے میں کرفیو کے باعث عدالت پیش نہیں کیا جا سکا۔ ایسے بھی کیسز ہیں جہاں بیٹے کی جگہ بھائی نے حلف نامے جمع کروائے ہوں اور بھائی کو بھی کیس کی پیروی کا حق ہے ۔ وکیل نے مزید کہا کہ دوسری صورت بیٹے کو بلا کر حلف نامے پر دستخط بھی کروائے جا سکتے ہیں۔