موجودہ صورتحال میں پاکستان کی اہمیت بڑھ گئی ،ڈاکٹر زبیر شیخ
انٹرنیشنل بزنس مینجمنٹ کانفرنس سرمایہ کاروں کو راغب کرے گی ،صدرماجو مختلف ممالک کی جامعات کے ماہرین شریک ہورہے ہیں ،ڈاکٹر حنا،پریس کانفرنس
کراچی(اسٹاف رپورٹر)محمد علی یونیورسٹی میں چوتھی انٹرنیشنل بزنس مینجمنٹ کانفرنس 15اور 16مئی کو ہوگی تاہم پہلی مرتبہ بزنس مینجمنٹ اور آئی ای ای ای مشترکہ کانفرنس کا انعقاد کررہے ہیں۔گزشتہ روز کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صدر محمد علی جناح یونیورسٹی ڈاکٹر زبیر شیخ نے کہا ہے کہ خطے کی موجودہ صورتحال میں پاکستان کی اہمیت بڑھ گئی ہے ،سرمایہ کار پاکستان آرہے ہیں، انٹرنیشنل کانفرنس ان سرمایہ کاروں کوبھی فائدہ پہنچائے گی ۔اس موقع پر ڈین فیکلٹی بزنس مینجمنٹ ڈاکٹرحنافاطمہ، ڈائریکٹر سی ایس پی ڈی پرکاش لوہانہ اور ڈپٹی رجسٹرار اکیڈمی نوید اختر بھی موجود تھے ۔ڈاکٹر زبیر شیخ نے بتایا کہ ماجو میں اس روایتی کانفرنس سے ملکی معیشت کو فائدہ ہوگا ۔سابقہ کانفرنسز کا حوالہ دیتے ہوئے صدر محمد علی جناح یونیورسٹی نے بتایا کہ ملکی صنعت اور بین الاقوامی اداروں کے درمیان روابط بڑھے جب کہ اکیڈمیا اور انڈسٹری کے درمیان فاصلے کم ہوئے ۔ڈاکٹر زبیر شیخ نے کہا کہ اس کانفرنس کا مقصد محض تقاریر نہیں ہے بلکہ اس میں ملکی تقدیر کے لئے اہم تجاویز پیش کی جائیں گی۔پریس کانفرنس کے دوران تفصیلات بتاتے ہوئے کانفرنس کی چیئر اور ڈین ڈاکٹر حنافاطمہ نے بتایا کہ کانفرنس میں امریکہ ،برطانیہ ،اسٹریلیا سمیت مختلف ممالک کی بڑی جامعات کے ماہرین شریک ہورہے ہیں۔