گلشن حدیدکو پانی فراہمی کامنصوبہ15مئی تک مکمل ہوگا،میئر

گلشن حدیدکو پانی فراہمی کامنصوبہ15مئی تک مکمل ہوگا،میئر

پمپنگ اسٹیشن اور نئی لائن پر کام جاری، یومیہ 50لاکھ. گیلن پانی دیں گے

کراچی(سٹی ڈیسک)میئرکراچی بیرسٹرمرتضیٰ وہاب نے کہاہے کہ گلشن حدید، اسٹیل ٹاؤن اور ملحقہ علاقوں میں پانی کی فراہمی کے مسائل کے حل کے لیے واٹرکارپوریشن کی ٹیم نئے پمپنگ اسٹیشن اور نئی مخصوص لائن پر کام کر رہی ہے ، جس کے ذریعے یومیہ 50 لاکھ گیلن پانی کی یقینی فراہمی ممکن بنائی جائے گی۔انہوں نے ایک بیان میں کہاکہ منصوبے کیلئے پمپس سائٹ پر پہنچ چکے ہیں جبکہ کام 15 مئی تک مکمل ہونے کی توقع ظاہر کی گئی ہے ۔علاوہ ازیں میئر بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے بلدیہ عظمیٰ کراچی کی قدیم مارکیٹس میں جاری بحالی کے کاموں کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ تمام منصوبے 30 جون تک ہر صورت مکمل کیے جائیں۔دورے کے دوران انہوں نے سول لائن مارکیٹ، لی مارکیٹ اور مچھی میانی مارکیٹ میں جاری ترقیاتی و بحالی کاموں کا تفصیلی معائنہ کیا اور پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے میئر نے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار پاکستان پیپلز پارٹی کی بلدیاتی حکومت شہر کے انفراسٹرکچر کے ساتھ تاریخی ورثے کی بحالی پر بھی بھرپور توجہ دے رہی ہے ،ان قدیم مارکیٹس کو نہ صرف ان کی اصل حالت میں بحال کیا جا رہا ہے بلکہ انہیں جدید سہولیات سے آراستہ کر کے اسٹیٹ آف دی آرٹ بنایا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو بہتر تجارتی ماحول میسر آ سکے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں