بیروز گاری سے دلبرداشتہ دو بہنوں کے اکلوتے بھائی کی خود کشی
متوفی 26سالہ محمد انس نے میٹرک تک تعلیم حاصل کی تھی ، روزگار کا مستقل حل نہیں نکل سکا،پھندے سے جھول گیاپورٹ قاسم انڈسٹریل ایریا میں عاشق علی نامی شخص نے کمپنی کے تالاب میں چھلانگ لگا کر زندگی کا خاتمہ کرلیا ،فوٹیج مل گئی
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)شہر قائد کے علاقے لانڈھی میں معاشی ، مالی تنگدستی اور بیروزگاری سے دلبرداشتہ 2 بہنوں نے اکلوتے بھائی نے گلے میں پھندا لگا کر خودکشی کرلی جبکہ پورٹ قاسم انڈسٹریل ایریا میں ایک شخص نے کمپنی کے تالاب میں چھلانگ لگا کر زندگی کا خاتمہ کرلیا ۔تفصیلات کے مطابق لانڈھی کے علاقے چراغ ہوٹل کے قریب گھر سے نوجوان کی گلے میں پھندا لگی لاش ملی جسے ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں متوفی کی شناخت 26 سالہ محمد انس ولد محمد فاروق کے نام سے کی گئی۔ایس ایچ او لانڈھی صلاح الدین قاضی نے بتایا کہ متوفی یتیم اور 2 بہنوں کا اکلوتا بھائی تھا۔
جس مکان میں وہ اپنی والدہ اور 2 بہنوں کے ساتھ رہتا تھا وہ کرایے کا ہے جبکہ متوفی نے میٹرک تک تعلیم حاصل کی ہوئی تھی جبکہ وہ کام کی تلاش میں بھی رہتا تھا۔انہوں نے بتایا کہ روزگار کا کوئی مستقل حل نہیں نکل سکا، گھر کے معاشی اور مالی حالات سے تنگ متوفی کی والدہ نے انس کو کام نہ کرنے پر ڈانٹا تھا جس سے دلبرداشتہ ہو کر اس نے کمرے میں جا کر گلے میں پھندا لگا کر خودکشی کرلی تاہم پولیس نے قانونی کارروائی کے بعد متوفی کی لاش ورثا کے حوالے کردی۔انس کی میت گھر پہنچے پر کہرام مچ گیا ماں اور دونوں بہنیں میت سے لپٹ کر دھاڑیں مار مار کر روتی رہیں جبکہ اس موقع پر اہل محلہ کی بڑی تعداد بھی ان کے گھر جمع تھی اور واقعہ پر دلی افسوس کا اظہار کیا۔دوسری ترجمان ریسکیو 1122 کے مطابق بن قاسم کے علاقے پورٹ قاسم فوجی فرٹیلائزر کے قریب پانی کے تالاب میں ایک شخص ڈوب گیا۔
جس کی اطلاع ملتے ہی واٹر ریسکیو ٹیم ایمبولینس کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئی اور سخت جدوجہد کے بعد تالاب میں ڈوبنے والے شخص کی لاش نکال کر ایدھی کے رضا کاروں کی مدد سے جناح اسپتال پہنچائی جہاں متوفی کی شناخت 39 سالہ عاشق علی کے نام سے کی گئی۔اس حوالے سے ایس ایچ او فیصل رفیق نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق عاشق علی نے کمپنی کے تالاب میں چھلانگ لگا کر خودکشی کی ہے جس کی فوٹیج بھی پولیس نے حاصل کرلی ہے جس میں عاشق علی کو تالاب میں چھلانگ لگاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے تاہم فوری طور پر خودکشی کی وجہ کا تعین نہیں ہوسکا۔پولیس کے مطابق متوفی گلشن حدید کا رہائشی تھا جس کی لاش ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دی گئی ہے ۔