سکھر:چھوہارہ مارکیٹ کی ترقی وقت کی اہم ضرورت، تاجر رہنما

سکھر:چھوہارہ مارکیٹ کی ترقی وقت کی اہم ضرورت، تاجر رہنما

وفاقی وسندھ حکومتیں بجٹ میں تعمیر وترقی کیلئے رقم مختص کریں، خالد کاکیزئی ودیگرناکافی سہولیات سے برآمدات کی 100ملین ڈالر صلاحیت ختم ہوگئی،مشترکہ بیان

سکھر(بیورو رپورٹ)سکھر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد خالد کاکیزئی ، سینئر نائب صدر امیت کمار اور نائب صدر ملک محمد اویس رئیس ، ڈیٹس ٹریڈ اینڈ ایکسپورٹ کمیٹی کے کنوینر علی جبران ، سینئر رکن گرداس وادھوانی و دیگر نے اپنے مشترکہ بیان میں حکومتِ سندھ اور وفاقی حکومت کی توجہ آغا قادرداد مارکیٹ کی زبوں حالی کی جانب کراتے ہوئے کہا کہ سکھر کی چھوہارہ مارکیٹ کی ترقی وقت کی اہم ضرورت ہے ، اس کی تعمیر و ترقی سالانہ بجٹ میں شامل کی جائے ، انہوں نے کہا کہ یہ مارکیٹ ایشیا کی کھجور کی سب سے بڑی منڈیوں میں شمار اور سندھ کی اہم برآمدی فصل کا مرکز ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں اس مارکیٹ کے ذریعے کھجور کی برآمدات 100 ملین ڈالر تک پہنچ چکی تھیں، مگر حکومتی عدم توجہی، انفرا اسٹرکچر کی کمی، بنیادی سہولیات کے فقدان اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ نہ ہونے کے باعث یہ مارکیٹ اپنی اصل صلاحیت کھو چکی ہے ۔ عہدیداران نے زور دیتے ہوئے کہا کہ آغا قادر داد مارکیٹ میں سڑکوں کی بحالی، نکاسی آب کا مؤثر نظام، صفائی ستھرائی، بجلی و گیس کی بلا تعطل فراہمی، گوداموں کی بہتری اور جدید اسٹوریج سہولیات کی فراہمی نہایت ضروری ہے تاکہ کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دیا جا سکے اور برآمدات میں اضافہ ممکن ہو۔ انہوں نے حکومت کو تجویز دی کہ کھجور اور دیگر زرعی اجناس کی ویلیو ایڈیشن کیلئے فوڈ بیسڈ انڈسٹریز کے قیام پر خصوصی توجہ دی جائے ، جس سے نہ صرف مقامی صنعت کو فروغ ملے گا بلکہ برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں