سندھ فوڈ اتھارٹی کیلئے 30یوٹیلٹی وینز خریدنے کی تجویز
گاڑیوں کی خریداری کا معاملہ صوبائی کابینہ کی کفایت شعاری کمیٹی کو بھیجنے کی منظوری
کراچی(اسٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر خوراک مخدوم محبوب الزمان کی زیر صدارت سندھ فوڈ اتھارٹی کا 12واں اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں سندھ فوڈ اتھارٹی کے انتظامی، قانونی اور آپریشنل امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سندھ اسمبلی کے اراکین فیاض علی بٹ، بیرسٹر ہالار وسان اور سعدیہ جاوید نے شرکت کی، جبکہ سیکریٹری خوراک، ڈائریکٹر جنرل سندھ فوڈ اتھارٹی، فوڈ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے ماہرین، فوڈ آپریٹرز، فوڈ انڈسٹریز اور صارفین کے نمائندے بھی اجلاس میں شریک ہوئے ۔ اجلاس میں سندھ فوڈ اتھارٹی کی کارکردگی، صوبے بھر میں جاری فیلڈ کارروائیوں، فوڈ سیفٹی قوانین پر عملدرآمد، ادارے کی استعداد کار، قانونی ترامیم، لائسنس فیس اسٹرکچر، فوڈ پروڈکٹ رجسٹریشن، ٹریک اینڈ ٹریس نظام اور ضلعی سطح پر انسپکشن کے عمل کو مزید موثر بنانے سمیت مختلف امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں سندھ فوڈ اتھارٹی کی فیلڈ کارروائیوں کو مزید مؤثر بنانے کے لیے 30 نئی یوٹیلٹی وینز خریدنے کی تجویز پیش کی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ صوبے بھر میں سندھ فوڈ اتھارٹی کی سرگرمیوں میں اضافہ ہوا ہے ، جبکہ فیلڈ ٹیموں کو انسپیکشن، سیمپلنگ، چھاپوں اور فوری کارروائیوں کے لیے مناسب ٹرانسپورٹ کی ضرورت ہے ۔ اجلاس میں بورڈ نے گاڑیوں کی خریداری کا معاملہ صوبائی کابینہ کی کفایت شعاری کمیٹی کو بھیجنے کی منظوری دی ۔