سوبھراج میٹرنٹی اسپتال میں پوسٹ ڈلیوری وارڈ کا افتتاح

سوبھراج میٹرنٹی اسپتال میں پوسٹ ڈلیوری وارڈ کا افتتاح

میئر کا مختلف شعبوں کا دورہ، مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ خواتین کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی بلدیہ عظمیٰ کی اولین ترجیح،مرتضیٰ وہاب

کراچی(آن لائن ) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے سوبھراج میٹرنٹی اسپتال میں جدید پوسٹ ڈلیوری وارڈ کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر یوسی چیئرمینز، کونسل اراکین اور متعلقہ افسران کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔میئر کراچی نے اسپتال کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے بتایا کہ نئے قائم کردہ پوسٹ ڈلیوری وارڈ میں جدید بیڈز، طبی آلات اور آرام دہ ماحول فراہم کیا گیا ہے ، جبکہ زچہ و بچہ کی بہتر نگہداشت کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ڈاکٹرز اور طبی عملے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ خواتین کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی بلدیہ عظمیٰ کراچی کی اولین ترجیح ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس نئے وارڈ کے قیام سے مریضوں کے رش میں کمی آئے گی اور علاج معالجے کی سہولیات میں مزید بہتری ہوگی۔انہوں نے مزید کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی شہر کے اسپتالوں کی اپ گریڈیشن پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور خواتین و نومولود بچوں کے لیے محفوظ اور بہتر ماحول فراہم کیا جا رہا ہے ۔میئر کراچی کا کہنا تھا کہ شہریوں کو ان کی دہلیز پر صحت کی سہولیات فراہم کرنا بنیادی مقصد ہے ، اور اسپتالوں میں جدید سہولیات کی فراہمی سے عوام کو بڑا ریلیف ملے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صحت کے شعبے میں مزید منصوبے بھی متعارف کرائے جائیں گے اور شہر میں صحت عامہ کے نظام کو مضبوط بنانے کے لیے عملی اقدامات جاری رہیں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں