محراب پور، کندھکوٹ میں 2افراد قتل، ایک لاش ملی
گروہی جھگڑے پرعلی مردان نشانہ بن گیا، شوہر نے بیوی کوگلا دباکر قتل کردیانوجوان کی لاش صندوق سے ملی، بیوی قتل میں ملوث، حادثات میں 4افراد ہلاک
کندھکوٹ، اندرون سندھ (نمائندگان) محراب پور اور کندھکوٹ میں 2 افراد کو قتل کردیا گیا، جبکہ ایک شخص کی گھر کے صندوق سے لاش ملی، ٹریفک حادثات میں بھی 4افراد ہلاک ہوگئے۔ کندھکوٹ میں معمولی تلخ کلامی پر دو گروپوں میں جھگڑے کے دوران گولیاں لگنے سے 55 سالہ علی مردان قتل ہوگیا، واقعہ کے بعد فریقین مورچہ زن ہوگئے ، مزید خونریزی کا خدشہ ہے۔ محراب پور میں دریا خان مری تھانے کی حدود مصر جی واہ میں اللہ یار عرف خایار ڈاہری نے اپنی بیوی مسمات ثانیہ بنت ارشاد ڈاہری کو گلا دبا کر قتل کردیا۔
ادھر بھریا روڈ تھانے کی حدود گاؤں یعقوب ہکڑو میں تین روز سے لاپتہ نوجوان عبد الرحمن عرف گڈو ہکڑو کی لاش گھر میں رکھے صندوق سے ملی، کزن نثار ہکڑو کے مطابق عبدالرحمن کواسکی بیوی مسمات گلناز نے دیور سے ملکر قتل کیا۔ ادھر رسول آباد چوکی حدود میں قومی شاہراہ پر نامعلوم گاڑی کی زد میں آکر نوجوان محمد مراد پھپوٹو کچل کر جاں بحق ہوگیا۔دریں اثنا ٹنڈوآدم میں شہدادپور روڈ نزد تارا باغ کے قریب تیز رفتار موٹر سائیکلوں کے تصادم سے گاؤں احمد برڑا کے رہائشی 18سالہ الطاف برڑو، گلزار کالونی ٹنڈوآدم کا رہائشی 21سالہ خلیل لاکھو اور 19سالہ نوجوان شاہجہان لاکھو شدید زخمی ہوگئے ۔ جبکہ الطاف ولد لعل برڑو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اسپتال میں جاں بحق ہوگیا۔ تلہار میں بدین روڈ پر پرہیاڑ بائونڈری کے پاس تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالی ڈرائیور کے کنٹرول سے نکل کر الٹ کر کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں 2 نوجوان محمد عرس ملاح اور گل حسن ملاح جاں بحق ہوگئے۔