روہڑی:ڈاکوؤں سے مقابلے میں پولیس اہلکار شہید، دوسرا زخمی

روہڑی:ڈاکوؤں سے مقابلے میں پولیس اہلکار شہید، دوسرا زخمی

سیہڑ باغ کے مقام پر فائرنگ کا تبادلہ، بھاری نفری کا علاقے میں سرچ آپریشنشہید پولیس اہلکار گلن تنیو کی پولیس لائن میں نماز جنازہ ادا، سپرد خاک کردیا گیا

روہڑی(نمائندہ دنیا)تھانہ کندھرا کی حدود میں ڈاکوؤں اور پولیس کے درمیان مقابلے کے دوران پولیس اہلکار شہید اور اے ایس آئی شدید زخمی ہوگیا۔ گزشتہ شب کندھرا تھانے کے نواحی علاقے سیہڑ باغ کے مقام پر پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں پولیس اہلکار گلن تنیو شہید، جبکہ اے ایس آئی بخت اللہ تنیو شدید زخمی ہوگیا۔ زخمی اے ایس آئی کو فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا۔ مقابلے کی اطلاع ملتے ہی ایس ایس پی سکھر اظہر خان مغل پولیس کی بھاری نفری سمیت جائے وقوعہ پر پہنچ گئے ، پولیس کی جانب سے ملزمان کی تلاش کیلئے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا گیا۔

دوسری جانب فرائض کی ادائیگی کے دوران شہید ہونے والے پولیس کانسٹیبل گل محمد تنیو کی نماز جنازہ پولیس لائن ہیڈکوارٹر سکھر میں ادا کی گئی، اس موقع پر شہید کی مغفرت اور بلند درجات کے لیے اجتماعی دعائیں مانگی گئیں، ایس ایس پی سکھر اظہر خان، ایس پی انوسٹی گیشن عبدالغفور لاکھو سمیت دیگر پولیس افسران و اہلکاروں، مختلف مکاتب فکر کے افراد نے نمازِ جنازہ میں شرکت کی۔شہید کے جسد خاکی کو سکھر پولیس کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔ جسد خاکی کو پاکستان و سندھ پولیس کے پرچم میں لپیٹا گیا تھا۔ایس ایس پی سکھر اظہر خان نے کہا کہ امن کے قیام کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس آفیسرز و جوان محکمے کا فخر ہیں، شہید پولیس اہلکار کی قربانی کبھی رائیگاں نہیں جائے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں