عیدالاضحی پر کھالیں جمع کرنے کا ضابطہ اخلاق جاری
رجسٹرڈ اداروں کو اجازت، کالعدم تنظیموں پر پابندی،کیمپ لگانا ممنوع ہوگا
کراچی(اسٹاف رپورٹر)محکمہ داخلہ سندھ نے عیدالاضحی پر قربانی کے جانوروں کی کھالوں جمع کرنے سے متعلق ضابط اخلاق جاری کردیا ،اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے ۔محکمہ داخلہ کے مطابق کمشنرز ڈپٹی کمشنرز کی اجازت کے بغیر کھالیں جمع کرنا ممنوع ہوگا۔ اجازت نامے کیلئے نیکٹا کے طریقہ کار پر سختی سے عمل کیا جائے گا،صرف رجسٹرڈ فلاحی اداروں، مدارس اور رفاہی تنظیموں کو کھالیں جمع کرنے کی اجازت دی جائے ،کسی بھی کالعدم تنظیم کو کسی دوسرے نام کی آڑ میں اجازت یا کھالیں جمع کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی،کیمپ لگانا اور بینرز آویزاں کرنا ممنوع ہوگا۔ کھالوں کی وصولی کے اعلانات کیلئے گاڑیوں یا عمارتوں پر جھنڈے ، لاؤڈ اسپیکر یا اعلانات کا استعمال ممنوع ہوگا۔ زبردستی کھالیں جمع کرنا ممنوع ہوگا۔کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کی جانب سے جاری کردہ اجازت نامہ ساتھ رکھنا لازمی ہوگا۔ شرائط کی خلاف ورزی پر کھالیں ضبط کر لی جائیں گی ۔ضلعی انتظامیہ کی ہدایت یا اطلاع پر قانون نافذ کرنے والے ادارے موقع پر چیکنگ کر سکیں گے ۔ ضلعی انتظامیہ سائٹ انسپیکشن کا حکم دے سکے گی ۔محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری شدہ تمام لائسنس یافتہ اسلحہ رکھنے کی اجازتیں 10 سے 12 ذوالحج تک معطل رہیں گی۔کمشنرز / ڈپٹی کمشنرز اجتماعی قربانی کے اجازت نامے جاری کرینگے ۔