رواں ماہ شاہراہ بھٹو عوام کیلئے مکمل کھول دینگے ، شرجیل میمن

رواں ماہ شاہراہ بھٹو عوام کیلئے مکمل کھول دینگے ، شرجیل میمن

شاہراہ ایم نائن سے منسلک، شہریوں کا ایک گھنٹہ سفر کم ہوگا، سینئر صوبائی وزیرگیم چینجر منصوبے سے شہر کی ٹریفک، آمدورفت نظام بہتر ہوگا، پریس کانفرنس

کراچی(اسٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر شرجیل میمن کہا ہے کہ اس ماہ شاہراہِ بھٹو مکمل طور پر عوام کیلئے کھول دینگے ، یہ شاہراہ ایم نائن سے منسلک ہوگی جس سے شہریوں کا تقریباً ایک گھنٹہ سفر کم ہو گا۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے شاہراہ بھٹو منصوبے کو ایک گیم چینجر قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے کراچی کی ٹریفک اور آمدورفت کے نظام میں نمایاں بہتری آئیگی۔ انہوں نے بتایا کہ کراچی پورٹ سے تاج حیدر پل تک ایک نئی سڑک بھی تعمیر کی جا رہی ہے جس سے کنیکٹوٹی مزید بہتر ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات دینے کیلئے مسلسل کام کر رہی ہے ، کراچی میں بلدیاتی اداروں کے متعدد ترقیاتی منصوبے جاری ہیں، جن میں کچھ تعطل کا شکار منصوبوں کو بھی دوبارہ شروع کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کے ایم سی اور محکمہ بلدیات مل کر بڑے میگا پروجیکٹس پر کام کر رہے ہیں جبکہ جدید طرز کی بی آر ٹی لائن بھی تعمیر کی جا رہی ہے ۔انہوں نے شہریوں کو ترقیاتی کاموں سے مشکلات پر معذرت کی اور کہا کہ وقتی تکلیف کے بغیر بڑے منصوبے مکمل نہیں ہو سکتے ۔ انہوں نے بتایا کہ صدرِ مملکت کے دورئہ چین کے دوران ڈی سیلی نیشن پلانٹ کے حوالے سے ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں