محراب پور:پولیس نے مبینہ مقابلے میں منشیات فروش ماردیا
ایک زخمی حالت میں گرفتار، دوسرا فرار، حادثے میں ڈرائیور ہلاک، نوجوان کی خودکشی
محراب پور(نمائندہ دنیا)وین میں سوار منشیات فروش کے تعاقب میں آنے والی ہنگورجا پولیس کا منشیات فروش سے مقابلہ خان واہن کے قریب وڈا بیلار رابطہ سڑک پر ہوا جہاں فائرنگ کے تبادلے میں مبینہ منشیات فروش نسیم منگلو ہلاک ہوگیا جبکہ یاسین تنیو کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، ایک ملزم فرار ہوگیا، پولیس نے ملزمان کے زیر استعمال وین کو پکڑ لیا ہے ۔ ادھر ہالانی تھانے کی حدود میں جوگی اسٹاپ قومی شاہراہ کے مرمتی کام کے باعث سنگل روڈ پر موٹر سائیکل کو بچاتے ہوئے ٹرالر نمبر ایل او کے 3850 اور آئل ٹینکر کے درمیان تصادم ہوگیا، پولیس کے مطابق اس حادثے میں فیصل آباد کا رہائشی ٹرالر ڈرائیور شفقت رسول ولد خورشید احمد موقع پر جاں بحق ہوگیا، صادق آباد کا رہائشی اسامہ ولد محمد نواز اور لکی مروت کا رہائشی شہزاد خان ولد خان محمد شدید زخمی ہوگئے ، جنہیں ہالانی اسپتال منتقل کر دیا گیا، لاش ورثاء حوالے کر دی گئی۔ دوسری جانب مورو تھانے کی حدود میں گچیرو روڈ کے رہائشی نوجوان بابر عرف راجو ولد علی اصغر سولنگی نے گھریلو مسائل پرسر میں گولی مار کر مبینہ خودکشی کرلی، ورثاء نے الزام عائد کیا کہ نوجوان کو زخمی حالت میں اسپتال لائے لیکن ابتدائی طبی امداد کے بعد اسپتال میں ایمبولینس ڈرائیور کی عدم موجودگی کے باعث نواب شاہ نہیں جا سکے اورزخمی نوجوان نے مورو اسپتال میں ہی دم توڑ دیا۔ انہوں نے اسپتال میں سہولیات کے فقدان کا الزام بھی عائد کیا، پولیس کے مطابق مبینہ خودکشی واقعہ کی پولیس تفتیش کر رہی ہے ۔