عمر کوٹ:پٹرول پمپ کے قریب پراسرار آگ سے 3بسیں خاکستر
روٹ سے واپسی پرڈرائیور معمول کے مطابق کھڑی کرکے گئے ، 7بچا لی گئیںکنری روڈ پررات کے وقت واقعہ، فائر بریگیڈ عملے نے پہنچ کرآگ پرقابو پایا
عمرکوٹ (نامہ نگار)عمر کوٹ میں پراسرار آتشزدگی سے 3 بسیں جل کرخاکستر ہوگئیں، جبکہ 7 کو بچا لیا گیا۔ بسیں پٹرول پمپ کے قریب کھڑی تھیں۔ جنہیں روٹ سے واپسی پر ڈرائیور معمول کے مطابق یہاں کھڑا کرکے گئے تھے ۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ شب کنری عمرکوٹ شاہراہ ریلوے پھاٹک کے مقام پر قائم پٹرول پمپ کے قریب کھڑی لاکھوں روپے مالیت کی قیمتی 3 مسافربسیں نامعلوم وجوہات کی بنیاد پر آگ لگنے سے جل کر خاکستر ہوگئیں، جلنے والی بسوں میں ایک منی بس کوسٹر جبکہ دوبڑی بسیں شامل ہیں، جبکہ پٹرول پمپ پرموجود عملے نے کوشش کرکے دیگر 7بسوں کوآگ لگنے سے بچالیا،پٹرول پمپ ملازم نے بتایا کہ پہلے ایک بس میں آگ لگی تھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے قریب کھڑی دو مزید بسوں کو اپنی لپٹ میں لے لیا اورتینوں بسیں آگ کی نذر ہوگئیں، انہوں نے بتایا کہ دیگر 7بسوں کو بچا لیا ہے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اپنے روٹ سے واپس آنے پر بسیں مسافروں سے خالی ہونے پرعملے کی جانب سے اس مقام پررات کے وقت روزانہ کی بنیاد پر دس سے بارہ بسیں کھڑی کی جاتی ہیں،جن میں سے تین بسیں آگ کی نذر ہوگئی ہیں،اطلاع ملنے پر ٹاؤن کمیٹی کنری کے زیرانتظام فائر بریگیڈ عملے نے پہنچ کر آگ پر قابوپالیا مگرتب تک تینوں بسیں مکمل طور پر جل کرخاکسترہوچکی تھیں،تاہم پٹرول پمپ نقصان سے محفوظ رہا۔