فائرنگ سے زخمی ہونے والا ملزم گینگ وارکارندہ نکلا
احسان عرف شانو ڈکیتی، قتل، اقدام قتل اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث رہا ملزم کی نشاندہی پر واردات میں استعمال ہونے والا پستول مکان سے برآمد
کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاک کالونی فائرنگ سے زخمی ملزم گینگ وار گروپ کا کارندہ نکلا۔ ایس ایس پی کیماڑی سنگھار ملک کے مطابق دو روز قبل تھانہ پاک کالونی کی حدود میں فائرنگ سے زخمی ہونے والے احسان عرف شانو نامی شخص سے متعلق پولیس تحقیقات میں اہم انکشافات ہوئے ہیں۔ سنگھار ملک کے مطابق زخمی شخص کو وقوعہ کے بعد سول اسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں اس نے ابتدائی بیان میں دعویٰ کیا کہ اسے نامعلوم ڈکیتوں نے فائرنگ کرکے زخمی کیا۔ تاہم پولیس کی جانب سے کی گئی تحقیقات اور انٹروگیشن کے دوران معلوم ہوا کہ زخمی احسان عرف شانو گینگ وار کے ارشد ڈاڈا گروپ سے وابستہ ایک مطلوب ملزم ہے ، جو ڈکیتی، قتل، اقدام قتل اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث رہا ہے۔پولیس حکام کے مطابق دورانِ تفتیش ملزم نے انکشاف کیا کہ گزشتہ روز وہ اپنے ایک ساتھی کے ہمراہ ڈکیتی کی واردات کی کوشش کر رہا تھا۔
اسی دوران ایک نامعلوم راہگیر نے فائرنگ کرکے اسے زخمی کردیا۔ایس ایس پی کیماڑی کے مطابق ملزم کی نشاندہی پر واردات میں استعمال ہونے والا پستول پرانا گولیمار کے ایک مکان سے برآمد کرلیا گیا ہے ۔مزید تحقیقات سے یہ بھی معلوم ہوا کہ ملزم تھانہ پاک کالونی میں درج قتل اور اقدام قتل کے مقدمہ نمبر 354/25 میں بھی نامزد ہے ۔ مذکورہ مقدمہ 16 اگست 2025 کو منگھوپیر روڈ پر فائرنگ کے واقعے کے سلسلے میں درج کیا گیا تھا، جس میں آصف نامی شخص جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہوئے تھے ۔