مختلف حادثات اور واقعات میں 4افراد جاں بحق، 4زخمی
شہدادپور میں ڈوبنے والے علی کی لاش نہ مل سکی،لاڑکانہ میں مٹھو کو کرنٹ لگاعلی واہن میں غیر قانونی مقیم افغانیوں نے حملہ کر کے 3بھائیوں کو زخمی کر دیا
شہدادپور، جھڈو،لاڑکانہ، پڈعیدن (نمائندگان دنیا، بیورو رپورٹ)عید الاضحی کے تین ایام کے دوران مختلف حادثات اور واقعات میں 4افراد جاں بحق، 4 زخمی ہوگئے۔ شہدادپور کی جام برانچ نہر میں نہانے کے دوران علی آرائیں نامی نوجوان ڈوب کر لاپتا ہوگیا،مقامی افراد اور غوطہ خورلاش تلاش کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ جھڈو میں اسسٹنٹ کمشنر آفس کے سامنے ٹرک اور موٹر سائیکل میں تصادم کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار حافظ رضوان اور عرفان رحمانی شدید زخمی ہوگئے ،جن میں سے حافظ رضوان جانبر نہ ہوسکا۔ لاڑکانہ کے نظر محلہ میں نوجوان طالبعلم مٹھو عرف باسط ملگانی گھر میں پانی کی موٹر چلاتے ہوئے کرنٹ لگنے سے بے ہوش ہوگیا، جسے ورثانے فوری طور پر چانڈکا اسپتال لے گئے ،جہاں وہ دم توڑ گیا۔ پڈعیدن کے قریب گاؤں مانک میں عید کی چھٹیاں گزارنے ننھیال آنے والا نوجوان احسان خاصخیلی روہڑی کینال میں ڈوب کر چل بسا۔
جس کی لاش 20 گھنٹے بعد نہر سے نکال لی گئی۔ روہڑی کے نواحی علاقے علی واہن میں غیر قانونی طور پر مقیم افغانیوں نے حملہ کر کے پکوڑے سموسے فروخت کرنے والے 3 بھائیوں سجاد قریشی، زاہد اور نعیم کو زخمی کردیا۔ادھرسخی دین پناہ کا رہائشی 25 سالہ محمد رحیم عرف رحیمو عباسی زہریلی شراب پینے کے باعث دوران علاج دم توڑ گیا۔ متوفی کے اہل خانہ نے الزام عائد کیا ہے کہ اسپتال عملے کی غفلت اور بروقت طبی سہولیات نہ ملنے کے باعث نوجوان کی موت ہوئی۔ذرائع کے مطابق عید کے ایام میں مختلف علاقوں سے بھی زہریلی شراب پینے کے باعث متعدد افراد کی اموات اور کئی افراد کو اسپتال منتقل کیے جانے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، تاہم انتظامیہ اور متعلقہ حکام کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ موقف سامنے نہیں آیا ہے ۔