اندرون سندھ بھی عیدالاضحی مذہبی جوش و جذبے سے منائی گئی
نماز عید کے بعد ملکی سلامتی، ترقی و استحکام اور خوشحالی کیلئے دعائیں مانگی گئیںعلما نے قربانی کے فلسفے پر روشنی ڈالی اور ایثار، قربانی و بھائی چارے کا درس دیا
سکھر، حیدر آباد ، لاڑکانہ، روہڑی (بیورو رپورٹ، نمائندگان دنیا) ملک بھر کی طرح اندرون سندھ بھی عیدالاضحی مذہبی جوش و جذبے سے منائی گئی۔نماز عید کے بعد ملکی سلامتی، ترقی و استحکام اور خوشحالی کیلئے دعائیں مانگی گئیں۔ سکھر میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع مرکزی گلشن عید گاہ میں ہوا، جہاں ہزاروں افراد نے نماز عید ادا کی۔ شہر میں مختلف مقامات پر 265 سے زائد چھوٹے بڑے اجتماعات ہوئے ۔ اس موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ حیدرآباد میں عیدگاہ اور چھوٹی بڑی درجنوں مساجد میں نماز عید کے اجتماعات ہوئے ، جس کے بعد قربانی کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ اس کے علاوہ گلیوں، محلوں اور علاقوں میں بھی قربانیوں کا سلسلہ جاری رہا۔ لطیف آباد یونٹ نمبر8 دارالعلوم میں اجتماعی قربانی کی گئی۔مفتاح العلوم گھاس منڈی، دارلعلوم برکاتیہ، فیضان مدینہ اور دیگر مقامات پر بھی اجتماعی قربانیاں کی گئیں۔
لاڑکانہ کے مختلف علاقوں جناح باغ، ذوالفقار باغ، ٹینک چوک، درگاہ رحمت پور، لاہوری محلہ، سچل کالونی، ایوب کالونی، کوثر مل، غالب نگر، بھینس کالونی اور نظر محلہ سمیت ضلع کے چھوٹے بڑے شہروں اور دیہات میں عید کے بڑے چھوٹے اجتماعات ہوئے۔ روہڑی اور مضافاتی علاقوں علی واہن، لوکوشیڈ، نیو یارڈ ،سنگرار، صالح پٹ، کندھرا، بڑی پٹنی ودیگر علاقوں کی مساجد، عیدگاہوں اور امام بارگاہوں میں نماز عید کے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے۔ سانگھڑ میں اور گردونواح میں سیکڑوں مقامات پر نماز عید کے اجتماعات منعقد ہوئے ۔ علما کرام نے اپنے خطابات میں حضرت ابراہیمؑ اور حضرت اسماعیلؑ کی عظیم قربانی کے فلسفے پر روشنی ڈالتے ہوئے ایثار، قربانی اور بھائی چارے کا درس دیا۔