دڑو:گیسٹرو، ملیریا، فوڈ پوائزننگ سے سیکڑوں افراد متاثر

دڑو:گیسٹرو، ملیریا، فوڈ پوائزننگ سے سیکڑوں افراد متاثر

سرکاری و نجی اسپتال مریضوں سے بھر گئے ،3روز کے دوران کیسز بڑھےشدید گرمی، ہیٹ اسٹروک سے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ، ڈاکٹر ابراہیم

دڑو (نمائندہ دنیا) دڑو اور گردونواح میں گیسٹرو، ملیریا اور فوڈ پوائزننگ کی وبا پھیل گئی،سیکڑوں بچے ، مرد اور خواتین متاثر،سرکاری و نجی اسپتال مریضوں سے بھر گئے ۔ تفصیلات کے مطابق دڑو اور اس کے نواحی علاقوں کے مختلف اسپتالوں سمیت یونین کونسل خان پور، لائق پور، بچل گگو، حسین پور، کنڈور، اکبر شاہ، مراد پور سمیت دیگر علاقوں میں شدید گرمی اور ہیٹ اسٹروک کے باعث گیسٹرو، ملیریا اور پیٹ کی بیماریاں تیزی سے پھیل رہی ہیں، جس کے باعث سیکڑوں بچے ، مرد اور خواتین بیمار پڑگئے ہیں، جبکہ سرکاری و نجی اسپتال مریضوں سے بھر گئے ہیں۔ اس حوالے سے رورل ہیلتھ سینٹر دڑو کے ایم ایس ڈاکٹر ابراہیم میمن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شدید گرمی اور ہیٹ اسٹروک کے باعث ملیریا اور گیسٹرو کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔

عید کی 3 روزہ تعطیلات کے دوران سرکاری اسپتالوں میں ملیریا اور گیسٹرو کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملیریا، گیسٹرو اور فوڈ پوائزننگ کے مریضوں کے لیے دڑو اسپتال میں ہنگامی بنیادوں پر ایک علیحدہ وارڈ قائم کر دیا گیا ہے جس کے لیے ڈاکٹرز، ادویات اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو بائی اسٹینڈ رکھا گیا ہے ،مریضوں کو علاج کی تمام سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ شہریوں نے حکومت سندھ اور محکمہ صحت سجاول سے مطالبہ کیا ہے کہ گیسٹرو، ملیریا اور دیگر بیماریوں پر قابو پانے کے لیے محکمہ صحت کی خصوصی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں بھیجی جائیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں