لیاری کی 4یونین کونسلوں کوپانی کی فراہمی معطل
کراچی(اے پی پی)کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن نے لیاری ٹاؤن کو پانی فراہم کرنے والی 24انچ ڈایا لائن میں لیکیج کے باعث یونین کونسل نمبر 9، 10، 11 اور 12 میں پانی کی فراہمی عارضی طور پر معطل کر دی ہے ۔۔۔
ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق لائن میں خرابی کی اطلاع ملتے ہی انجینئرنگ اور تکنیکی ٹیموں کو فوری طور پر موقع پر روانہ کر دیا گیا جہاں متاثرہ حصے کی نشاندہی کے بعد مرمتی سرگرمیوں کا آغاز ہنگامی بنیادوں پر کر دیا گیا ہے جو آئندہ 36 سے 48 گھنٹوں میں مکمل کرلیا جائے گا جس کے بعد متاثرہ علاقوں میں پانی کی فراہمی مرحلہ وار بحال کر دی جائے گی۔ ترجمان نے واضح کیا کہ صرف مذکورہ چار یونین کونسلیں متاثر ہوئی ہیں جبکہ لیاری ٹاؤن کے دیگر تمام علاقوں میں پانی کی فراہمی معمول کے مطابق جاری ہے ۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ مرمت کے دوران پانی کا محتاط استعمال کریں اور غیر ضروری ضیاع سے گریز کریں۔ ترجمان کے مطابق متاثرہ علاقوں میں پانی کی فراہمی جلد از جلد بحال کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں جبکہ مرمتی کام کی مسلسل نگرانی بھی کی جا رہی ہے ۔