ایچ آئی وی متاثرین کے والدین کا ہائیکورٹ کے باہر احتجاج
ہمارے بچے کھیلنے نکلتے ہیں تو پڑوس والے اپنے بچوں کو دور کردیتے ہیں ذمہ داران کیخلاف سخت کارروائی ،بچوں کا بہتر علاج کرایا جائے ، متاثرین
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)سائٹ ایریا میں واقع ولیکلا اسپتال میں ایچ آئی وی کا شکار ہونے والے بچوں کے والدین نے احتجاج کیا۔ متاثرین میں وکیل طارق منصور، والدین اور ان کے بچے شامل تھے ۔ متاثرین انصاف کی دہائی دے رہے تھے ۔سندھ ہائیکورٹ کے باہر احتجاج کرنے والے متاثرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے ۔ اس موقع پر بچوں کے والدین نے کہا کہ ریاست کی ذمہ داری صحت، تعلیم اور روزگار ہے مگر یہاں ایسا کچھ نہیں، ہمارے بچے کھیلنے نکلتے ہیں تو پڑوس والے اپنے بچوں کو دور کردیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ متاثرین کا کہنا تھا کہ ولیکا اسپتال میں بچوں کے علاج و معالجے کے بعد مزید طبیعت خراب ہونے لگی۔ دوسرے اسپتال میں دکھایا اور ٹیسٹ کروائے تو معلوم چلا کہ بچوں کو ایچ آئی وی ہے ۔ والدین نے کہاکہ کہ بچے جب کھیلنے کے لیئے نکلتے ہیں تو پڑوس والے اپنے بچوں کو کھیلنے نہیں دیتے کہتے ہیں کہ ان کو ایچ آئی وی ہے اور وہ اپنے بچوں کو ہمارے بچوں سے دور کردیتے ہیں۔متاثرین نے مطالبہ کیا ہے کہ ذمہ داران کیخلاف سخت کارروائی کی جائے اور متاثرہ بچوں کا بہتر علاج کرایا جائے ۔طارق منصور ایڈووکیٹ نے کہا کہ یہ ایک گھناؤنا جرم ہے کہ استعمال شدہ سرنج کو دوبارہ استعال میں لایا جائے ، عدالت کو بھی آگاہ کیا ہے ۔ تقریبا ہر فورم پر ہم نے آواز بلند کی ہے ، امید ہے کہ ان معصوم بچوں کو انصاف ملے گا اور بہتر علاج ہوسکے گا۔