ٹریڈ لائسنس کیلئے ویسٹ مینجمنٹ سرٹیفکیٹ لازمی قرار

ٹریڈ لائسنس کیلئے ویسٹ مینجمنٹ سرٹیفکیٹ لازمی قرار

طارق نظامانی کی زیر صدارت اجلاس،قوانین کی خلاف ورزی پر کارروائی کا حکمکے ایم سی لائسنسنگ نظام کو موبائل ایپ سے منسلک کیا جائیگا،طارق نظامانی

کراچی (این این آئی)منیجنگ ڈائریکٹر سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ طارق علی نظامانی کی زیر صدارت ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں شہرکی صفائی ستھرائی کے نظام کو مزید بہتر بنانے اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے قوانین پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنانے کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے ۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ تمام دکانداروں اور صنعتی اداروں کیلئے ٹریڈ لائسنس یا رجسٹریشن حاصل کرنے سے قبل سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ سے صفائی کے انتظامات اور ویسٹ مینجمنٹ سے متعلق سرٹیفکیٹ حاصل کرنا لازمی ہوگا، اس مقصد کیلئے کے ایم سی کے ٹریڈ لائسنس کے نظام کو سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کی موبائل ایپ سے منسلک کیا جائے گا تاکہ سرٹیفکیٹ کی آن لائن تصدیق ممکن ہو سکے ۔ایم ڈی سالڈ ویسٹ نے ہدایت جاری کی کہ تمام دکاندار اور صنعتی ادارے اپنی دکان اور فیکٹری کی حدود میں پیدا ہونے والے کچرے کو مقررہ طریقہ کار کے مطابق الگ الگ جمع کریں گے ۔مزید برآں ہر دکاندار کو صفائی سے متعلق آگاہی فراہم کرنے اور ضروری سرٹیفکیٹ جاری کیے جانے کے بعد ہی ٹریڈ لائسنس جاری کیا جائے گاجبکہ صنعتی اداروں کو بھی اپنی رجسٹریشن کے وقت بورڈ سے آگاہی اور سرٹیفکیٹ حاصل کرنا لازمی ہوگا۔اجلاس میں تمام ذمہ داران کو ہدایت کی گئی کہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں، تجارتی اداروں اور صنعتی یونٹس کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں