چنیسر، جناح ٹاؤنز میں پانی کامسئلہ حل کیا جائے ، جماعت اسلامی

چنیسر، جناح ٹاؤنز میں پانی کامسئلہ حل کیا جائے ، جماعت اسلامی

وفد کی انچارج واٹر کارپوریشن سے ملاقات، غیر منصفانہ تقسیم پر گفتگو نشاندہی شدہ مسائل پر فوری کارروائی کی جائے ، منظر عالم، عملے کوہدایت

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پانی فراہمی سے متعلق عوام کو درپیش مسائل کے مستقل اور مؤثر حل کیلئے پبلک ایڈ کمیٹی ،جماعتِ اسلامی کراچی شعبہ واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن و سوئی گیس کے انچارج منظر عالم کی قیادت میں جماعتِ اسلامی کے وفد نے چیف انجینئر واٹر بلک ٹرانسمیشن وکوآرڈی نیٹر ایم ڈی کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن، اعجاز اور انکی ٹیم سے تفصیلی ملاقات کی۔ملاقات میں چنیسر ٹاؤن اور جناح ٹاؤن کے مختلف علاقوں میں پانی کی قلت، غیر مساوی تقسیم، کم پریشر، طویل دورانیے کی بندش، خراب انفرااسٹرکچر اور دیگر متعلقہ مسائل پرتفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد نے شہریوں کو درپیش مشکلات سے حکام کو آگاہ کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ پانی کی فراہمی کو بہتر بنانے کے لئے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ملاقات میں چیئر مین یو سی 2 چنیسر ٹاؤن عرفان اللہ والا، کونسلر یو سی 11 جناح ٹاؤن محمد طلحہ ذوالفقار اور جماعتِ اسلامی کے دیگر ذمہ داران نے اپنے علاقوں کے مسائل، پانی کی فراہمی میں درپیش رکاوٹوں اور متعلقہ شکایات کو تفصیل کے ساتھ پیش کیا اور ان کے مستقل حل کے لئے عملی تجاویز بھی دیں۔ ملاقات کے دوران چیف انجینئر اعجاز نے متعلقہ افسران، بالخصوص ایگزیکٹو انجینئر جناح ٹاؤن خلیل سمیت واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے دیگر حکام کو ہدایت جاری کی کہ تمام نشاندہی شدہ مسائل پر فوری کارروائی کی جائے ، پانی کی فراہمی کو بہتر بنانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں اور متاثرہ علاقوں کے عوام کو جلد از جلد ریلیف فراہم کیا جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں