برساتی موسم شروع، نالوں کی صفائی نہیں ہوئی، رضوان نیازی
حکومت، بلدیاتی اداروں کی غفلت سے شہری اربن فلڈنگ خطرے سے دوچارشہر کے 560سے زائد نالے کچرے سے بھرے ہیں، تحریک انصاف رہنما
کراچی (آئی این پی)پاکستان تحریک انصاف سندھ کے نائب صدر رضوان نیازی نے کہا ہے کہ کراچی میں برساتی موسم شروع ہو چکا ہے مگر شہر کے برساتی نالوں کی صفائی تاحال شروع نہیں کی گئی۔ سندھ حکومت اور بلدیاتی اداروں کی غفلت سے شہری ایک بار پھر اربن فلڈنگ کے سنگین خطرے سے دوچار ہیں۔گزشتہ روز اپنے بیان میںپاکستان تحریک انصاف سندھ کے نائب صدر رضوان نیازی نے کہا کہ سندھ حکومت اور بلدیاتی اداروں کی غفلت سے شہری ایک بار پھر اربن فلڈنگ کے سنگین خطرے سے دوچار ہیں، گجر نالہ، محمود آباد نالہ، کورنگی نالہ سمیت کراچی کے 560 سے زائد چھوٹے بڑے نالے کچرے ، ملبے اور گندگی سے بھرے ہیں۔ نالوں کی بروقت صفائی نہ ہونے سے معمولی بارش بھی شہر کے مختلف علاقوں کو زیرِ آب لا سکتی ہے ، جس سے شہریوں کی زندگی، کاروبار اور آمدورفت شدید متاثر ہوگی۔رضوان نیازی نے کہا کہ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کی جانب سے برساتی نالوں کی صفائی کے دعوے ہیں، جوزمینی حقائق کی مکمل نفی کرتے ہیں۔ شہر کے بیشتر برساتی نالے آج بھی صفائی کے منتظر ہیں، جس سے واضح ہوتا ہے کہ متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے میں ناکام رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ برسوں کی طرح اگر اس مرتبہ بھی بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو کراچی ایک بار پھر اربن فلڈنگ کا شکار ہوگا، رضوان نیازی نے مطالبہ کیا کہ کراچی کے تمام برساتی نالوں کی ہنگامی بنیادوں پر صفائی کرائی جائے ، نکاسی آب کے نظام کو فوری طور پر فعال بنایا جائے اور مون سون کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے مؤثر انتظامات کیے جائیں تاکہ شہریوں کو ممکنہ تباہی اور اربن فلڈنگ سے محفوظ رکھا جا سکے ۔