جے پی ایم سی:پہلے ڈگری پروگرام بیج کی انٹرنشپ کی کامیاب تکمیل
ڈگریوں کی تقسیم کے سلسلے میں شاندار گریجویشن اور کانووکیشن تقریب کا انعقادنرسز شعبے کی صحت کے نظام میں بنیادی حیثیت، معیاری دیکھ بھال ہوگی، مقررین
کراچی (سٹی ڈیسک)کراچی جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (جے پی ایم سی)کراچی کے اسکول آف نرسنگ نے اپنی تعلیمی تاریخ کا ایک اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے پہلے ڈگری پروگرام بیج کی انٹرنشپ کی کامیاب تکمیل اور ڈگریوں کی تقسیم کے سلسلے میں شاندار گریجویشن اور کانووکیشن تقریب منعقد کی۔ اس یادگار تقریب کو ادارے کی تعلیمی ترقی اور نرسنگ کے شعبے میں ایک تاریخی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے ۔ تقریب کے مہمانانِ خصوصی ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر خالد شیر، جوائنٹ ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر سلیمان، ڈین ایجوکیشن پروفیسر ڈاکٹر حلیمہ یاسمین اور ڈپٹی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر نوشین رؤف تھے ۔ تقریب کے دوران نئے پروفیشنل گریجویٹ نرسز کو ڈگریاں تفویض کی گئیں جبکہ ان کی پیشہ ورانہ خدمات اور انسانیت کی خدمت کے جذبے کو سراہا گیا۔ مقررین نے کہا کہ نرسنگ کا شعبہ صحت کے نظام میں بنیادی حیثیت رکھتا ہے اور تربیت یافتہ نرسز کا مریضوں کی معیاری دیکھ بھال میں کلیدی کردار ہے ۔ اس موقع پر پرنسپل اسکول آف نرسنگ شبانہ جوزف اور کوآرڈی نیٹر غزالہ رفیق کی قیادت کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا گیا، جن کی سرپرستی میں اسکول آف نرسنگ کی تاریخ کی پہلی گریجویشن اور کانووکیشن تقریب کامیابی سے منعقد ہوئی، تمام گریجویٹ نرسز، ان کے والدین اور سرپرستوں کو اس تاریخی کامیابی پر مبارکباد پیش کی گئی اور اس امید کا اظہار کیا گیا کہ وہ مستقبل میں پیشہ ورانہ مہارت، خدمتِ انسانیت اور طبی شعبے کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کریں گے ۔