نوابشاہ:ایل پی جی مہنگے داموں فروخت، جھڈو میں ایکشن
سرکاری قیمت 242روپے ہونے کے باوجود 400 روپے فی کلو بٹورے جارہےجھڈومیں ایل پی جی مہنگی بیچنے والوں کی 6دکانیں سیل، غیر قانونی پٹرول یونٹ ضبط
نوابشاہ، جھڈو (نمائندگان)ایل پی جی کی مبینہ مصنوعی مہنگائی کے باعث شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ حکومت کی جانب سے ایل پی جی کی قیمت میں کمی کے باوجود شہر میں کئی مقامات پر گیس سرکاری نرخ سے کہیں زیادہ قیمت پر بیچی جارہی ہے ، شہریوں کے مطابق سرکاری نرخ 242روپے فی کلو مقرر ہیں، مگر دکاندار 400روپے تک وصول کر رہے ہیں۔ دکانداروں کا مؤقف ہے کہ انہیں ایل پی جی مہنگے داموں فراہم کی جا رہی ہے ، اس لیے وہ کم قیمت پر فروخت نہیں کر سکتے دوسری جانب سوئی گیس کی عدم دستیابی کے باعث ہوٹل مالکان ایل پی جی سلنڈرز استعمال کرنے پر مجبور ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ بڑھتے اخراجات کے باعث کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ کرنا پڑا، تاہم شہریوں کا الزام ہے کہ کئی ہوٹلوں نے اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں 50 فیصد تک اضافہ کر دیا ہے ۔ ادھر جھڈو میں اسسٹنٹ کمشنر فیصل گجر نے عوامی شکایات پرایل پی جی فروخت کرنیوالی 6 دکانوں کو سیل اور ایک غیر قانونی پٹرول یونٹ کو ضبط کرلیا، اسسٹنٹ کمشنر آفس کے مطابق دکاندار اوگرا کے مقررہ نرخوں سے زائد نرخوں پر گیس فروخت کررہے تھے جبکہ ان دکانوں پر اوگرا کے مقرر کردہ قواعد و ضوابط کے مطابق حفاظتی اقدامات بھی نہیں کیے گئے تھے ۔ واضح رہے کہ جھڈو میں کئی ماہ سے گھریلو استعمال کی ایل پی جی 450 روپے فی کلو میں فروخت کی جارہی تھی جبکہ اس وقت اوگرا کی جانب سے گیس کے نرخ 241 روپے فی کلو مقرر ہیں۔