میرپور خاص میں گندم، آٹے کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ

میرپور خاص میں گندم، آٹے کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ

3ماہ کے دوران 100کلو گندم بوری کی قیمت میں 3ہزار روپے کااضافہآٹا مہنگا ہونے پرہوٹل مالکان نے روٹی کی قیمت بڑھا دی، غریب پریشان

میرپور خاص (بیورو رپورٹ)میرپورخاص میں بھی گندم اور آٹے کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوگیا، جس نے شہریوں خصوصاً دیہاڑی دار اور کم آمدنی والے طبقے کی مشکلات میں اضافہ کر دیا، ذرائع کے مطابق مارچ 2026 میں 100 کلو گرام گندم کی بوری تقریباً 8 ہزار 700 روپے میں فروخت ہو رہی تھی جو اب بڑھ کر 11 ہزار 700 روپے تک پہنچ چکی ہے اسی طرح صرف چند ماہ کے دوران فی بوری تقریباً 3 ہزار روپے اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ آٹے کی فی کلو قیمت 100 روپے سے بڑھ کر 140 روپے تک جا پہنچی ہے ، آٹا مہنگا ہونے کے باعث ہوٹل مالکان اور نان بائیوں نے بھی فی روٹی 5 روپے اضافہ کر دیا، جس سے عام شہری شدید متاثر ہو رہے ہیں حکومت سندھ نے صوبے میں غذائی تحفظ برقرار اور قیمتوں کو مستحکم رکھنے کیلئے 10 لاکھ میٹرک ٹن گندم خریدنے کا ہدف مقرر کیا تھا، تاہم سرکاری ذرائع کے مطابق جون تک محکمہ خوراک صرف تقریباً 80 ہزار میٹرک ٹن (8فیصد)گندم خرید سکا، حکام کے مطابق سرکاری امدادی نرخ اور مارکیٹ ریٹ میں نمایاں فرق خریداری میں کمی کی ایک بڑی وجہ بنا، چند روز قبل وزیراعلیٰ سندھ نے ذخیرہ اندوزی اور مصنوعی قلت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو سخت کارروائی کی ہدایات جاری کرچکے ۔ معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر محکمہ فوڈ مقررہ ہدف کے مطابق بروقت گندم خرید لیتا تو مارکیٹ میں قیمتوں کو قابو میں رکھا جا سکتا تھا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں