کے سولر اورچینی گروپ میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط
دونوں کمپنیاں چند ہفتوں میں باضابطہ فریم ورک معاہدہ بھی کریں گی ونڈ پاور تیزی سے اہمیت اختیار کر رہی ہے ، عامر غازیانی ، ہاشم رضا
کراچی (دنیا ڈیسک)کے سولر (پرائیویٹ) لمیٹڈ جو کے الیکٹرک کی سرمایہ کاری کمپنی کے ای ونچرز کمپنی (پرائیویٹ)لمیٹڈ کا مکمل ملکیتی ذیلی ادارہ ہے اور چین کے منگ یانگ اسمارٹ انرجی گروپ لمیٹڈ جو دنیا کے بڑے ونڈ ٹربائن مینوفیکچررز میں شمار ہوتی ہے اور یوٹیلیٹی اسکیل اور صنعتی سطح کے بیٹری انرجی اسٹوریج سسٹمز کی عالمی سطح پر نمایاں سپلائر ہے نے پاکستان میں منگ یانگ کے جدید توانائی حل متعارف کرانے کے لیے ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ مفاہمتی یادداشت کے تحت کے سولر اور منگ یانگ پاکستان میں گرڈ، کمرشل اور صنعتی شعبوں کے لیے ونڈ پاور منصوبوں اور بیٹری انرجی اسٹوریج سسٹمز کی مارکیٹنگ، فراہمی اور مالی معاونت کے لیے باہمی اشتراک کریں گے ۔ اس کے ساتھ ملک میں بی ای ایس ایس کی اسمبلی پلانٹ کے قیام کی بنیاد بھی رکھی جائے گی۔دونوں کمپنیاں آئندہ چند ہفتوں میں اس مفاہمتی یادداشت کے بعد ایک باضابطہ فریم ورک معاہدہ بھی کریں گی۔کے سولر کے چیئرمین عامر غازیانی نے کہا کہ پاکستان میں توانائی شعبے کی تبدیلی کے تناظر میں ونڈ پاور تیزی سے اہمیت اختیار کر رہی ہے ، اس کی کم لاگت کے باعث نچلی سطح کے ٹیرف اسے ملک کے موجودہ بجلی پیداوار کے نظام کیلئے مؤثر اور مسابقتی ذریعہ بناتی ہے ۔کے سولر کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ہاشم رضا نے کہا کہ پاکستان میں قابل تجدید توانائی پر منتقلی اس وقت ہی ممکن ہے جب عالمی معیار کی ٹیکنالوجی کو مقامی مالی سہولیات اور مؤثر عملدرآمد کے ساتھ یکجا کیا جائے ۔