تعلیم یافتہ بیٹیاں قوم کا فخر اور ملک کا روشن مستقبل ہیں، گورنر

تعلیم یافتہ بیٹیاں قوم کا فخر اور ملک کا روشن مستقبل ہیں، گورنر

قیام پاکستان سے آج تک خواتین کاہر شعبے میں نمایاں کردار ہے ، نہال ہاشمیجناح یونیورسٹی کی طالبات، فیکلٹی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر رہیں، خطاب

کراچی (آئی این پی)گورنر سندھ سید نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے خواتین کو بلند مقام عطا کیا ہے ، تعلیم یافتہ بیٹیاں قوم کا فخر اور ملک کا روشن مستقبل ہیں،اسلامی تاریخ سے لیکر پاکستان کی تاریخ تک عظیم خواتین نے ہر شعبے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے ۔ فاطمہ جناح سے لے کر مریم نواز تک باصلاحیت خواتین ہماری قومی شناخت اور اعزاز ہیں۔جناح یونیورسٹی برائے خواتین کے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کے چانسلر اور وائس چانسلر اس بات پر فخر کرسکتے ہیں کہ ادارے کی طالبات اور فیکلٹی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہیں۔ انہوں نے طالبات پر زور دیا کہ وہ اپنے پاؤں پر کھڑی ہوں، خود اعتمادی کے ساتھ زندگی میں آگے بڑھیں اور اپنی صلاحیتوں کو ملک و قوم کی ترقی کیلئے بروئے کار لائیں۔انہوں نے مرحوم ریاض احمد کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک شاندار شخصیت تھے ، جنہوں نے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح سے اس درسگاہ کے نام کی منظوری حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ اس عظیم درسگاہ سے فارغ التحصیل طالبات پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنے گھروں، معاشرے اور ملک کی بہتری میں مو ثرکردار ادا کریں۔گورنر نے طالبات کو ہدایت کی کہ اپنے اساتذہ، والدین کا احترام اور کردار و عمل سے پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن کریں۔تقریب کے اختتام پر گورنر سندھ نے نمایاں کارکردگی پرطالبات میں شیلڈز تقسیم کیں۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں