حیدر آباد:پٹرولیم قیمتیں گرنے کے باوجود مہنگے کرائے وصول

حیدر آباد:پٹرولیم قیمتیں گرنے کے باوجود مہنگے کرائے وصول

پبلک ٹرانسپورٹ کے مالکان بے لگام، کراچی کیلئے بدستور زیادہ کرایہ بٹورا جارہااحتجاج پرمسافروں سے بدتمیزی، گاڑیوں سے اتار دیا جاتا، آر ٹی اے کے جرمانے

حیدر آباد (بیورو رپورٹ)پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کے بعد ضلعی انتظامیہ اور محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے نئے کرایہ نامے جاری کیے گئے تھے ، تاہم حیدرآباد کے مختلف اڈوں پر قائم ٹرانسپورٹرز نے ذاتی قوانین نافذ کر رکھے ہیں اور عوام کو کوئی ریلیف فراہم نہیں کیا جا رہا۔ مسافروں کا کہنا ہے کہ پٹرول مہنگا ہوتے ہی کرائے فوری بڑھا دیے جاتے ہیں، لیکن قیمتیں کم ہونے پر ٹرانسپورٹرز مافیا بن کر عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالتے ہیں، جس پر انتظامیہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے ۔ دوسری جانب مسافروں کی بڑھتی شکایات اور احتجاج کا سخت نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی حسنین رضا نے اپنی ٹیم کے ہمراہ مختلف اڈوں پر اچانک چھاپے مارے۔ سیکرٹری آر ٹی اے نے موقع پر پہنچ کر مسافروں سے کرایوں کی تفصیلات معلوم کیں۔

زائد کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز پر بھاری جرمانے عائد کیے ۔ کارروائی کے دوران حسنین رضا نے ٹرانسپورٹرز کی جانب سے مسافروں سے بٹورا گیا اضافی کرایہ بھی موقع پر ہی مسافروں کو واپس کروایا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری آر ٹی اے حسنین رضا نے واضح کیا کہ حکومتی نوٹیفکیشن کے بعد کرایوں میں کمی لازمی ہے اور کسی کو بھی غریب عوام کا استحصال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے قانون شکن ٹرانسپورٹرز کو سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ سرکاری نرخ نامے کی خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کو فوری بند اور ان کے روٹ پرمٹ مستقل منسوخ کر دیے جائینگے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں