واٹر کارپوریشن نے نادہند متعدد تجارتی و صنعتی اداروں کو نوٹسز جاری کردیے
کراچی(این این آئی)کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن نے پانی و سیوریج کے واجبات کی عدم ادائیگی پر نادہندگان کے خلاف کارروائیاں تیز کرتے ہوئے مختلف تجارتی و صنعتی اداروں کو بقایاجات کی فوری ادائیگی کے لیے نوٹسز جاری کر دیے ہیں۔۔۔۔
واٹر کارپوریشن کے مطابق لانڈھی میں رسول فلور ملز، کورنگی میں امپیریل ربڑ فیکٹری اور سوزوکی موٹرز شوروم، نارتھ کراچی میں شاہد ڈائنگ فیکٹری اور انس ڈائنگ فیکٹری جبکہ فیڈرل بی ایریا میں مرکری گارمنٹس، کلاسک ڈرائی کلینرز اور ایم ذاکر پیٹرول پمپ کو واجبات کی عدم ادائیگی پر نوٹسز جاری کیے گئے ہیں۔ چیف کمرشل آفیسر واٹر کارپوریشن حارث سرفراز نے کہا ہے کہ مقررہ مدت کے اندر واجبات ادا نہ کرنے والے اداروں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ نادہندگان کے پانی کے کنیکشن منقطع کرنے ، چیمبرز سیل کرنے اور دیگر قانونی اقدامات سمیت تمام دستیاب آپشنز استعمال کیے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے صارفین پر زور دیا کہ وہ اپنے بقایاجات فوری طور پر ادا کریں تاکہ کسی بھی قسم کی قانونی کارروائی اور اضافی مشکلات سے بچا جا سکے ۔