میرپور خاص:تجاوزات کے باعث اہم کشادہ سڑکیں سکڑ گئیں

میرپور خاص:تجاوزات کے باعث اہم کشادہ سڑکیں سکڑ گئیں

60 فٹ چوڑی سڑکیں تنگ گزرگاہ کا منظر پیش کرنے لگیں، ٹریفک روانی متاثرپیدل چلنے والوں کوبھی مشکلات، مافیا کے خلاف آپریشن کرنے میں انتظامیہ ناکام

میرپور خاص (بیورو رپورٹ)شہر میں تجاوزات کے باعث اہم شاہراہیں، بازار اور تجارتی مراکز شدید متاثر ہو رہے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ متعدد عدالتی احکامات اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے وقتاً فوقتاً تجاوزات خاتمے کی مہمات کے باوجود قبضہ مافیا کیخلاف مؤثر اور مستقل کارروائی نہ ہونے سے صورتحال روز بروز سنگین ہوتی جا رہی ہے شہریوں کے مطابق گنجان علاقوں جن میں کھسک پورہ ، مدینہ مسجد روڈ، مارکیٹ چوک، بلدیہ چوک، سبزی منڈی، میرواہ روڈ، اسٹیشن روڈ، کھپرو ناکہ چوک ، جرواری چوک، سیٹلائٹ ٹاؤن، چاندنی چوک اور دیگر اہم شاہراہیں شامل ہیں، تجاوزات سے تقریباً 60 فٹ چوڑی سڑکیں سکڑ کر تنگ گزرگاہوں میں تبدیل ہو چکی ہیں، اس صورتحال کے باعث ٹریفک روانی شدید متاثر ہو رہی ہے جبکہ پیدل چلنے والے شہریوں کو بھی روزانہ مشکلات کا سامنا ہے ، شہریوں کا مزید کہنا ہے کہ شہر میں شاید ہی کوئی ایسی سڑک یا بازار باقی ہو جہاں فٹ پاتھوں گرین بیلٹس سرکاری اراضی اور عوامی مقامات پر تجاوزات قائم نہ ہوں، انکا کہنا ہے کہ تجاوزات کے ساتھ غیر قانونی رکشہ اور چنگ چی اڈوں نے بھی ٹریفک کے مسائل میں اضافہ کر دیا، متاثرہ شہریوں نے بتایا کہ سیشن کورٹ سے مارکیٹ چوک تک کا مختصر سفر بھی انتہائی دشوار ہو چکا ہے ۔ دوسری جانب تاجروں کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ وقتاً فوقتاً آپریشن کرتی ہے ، تاہم چند روز کی کارروائی کے بعد مہم ختم ہو جاتی ہے اور تجاوزات دوبارہ قائم ہو جاتی ہیں۔ تجاوزات قائم کرنیوالوں کی نگرانی کی ضرورت ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں