ملک کے معاشی معاملات سے بیرونی مداخلت کو ختم کیا جائے ، سنی تحریک
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد شاداب رضا نقشبندی نے کہا ہے کہ معاشی محرومیوں کے شکار 10کروڑ سے زائد غریبوں کو اندھیروں سے نکالا جائے۔۔۔
،معاشی استحکام کیلئے ضروری ہے ملک کے معاشی معاملات سے بیرونی مداخلت کو ختم کیا جائے ، محض معاشی ترقی غربت کے خاتمے کے لیے کافی نہیں، عدم مساوات، روزگار کے محدود مواقع اور انسانی ترقی کی کمزور صورتحال کے باعث معاشی ترقی کے ثمرات غریب اور متوسط طبقے تک نہیں پہنچ سکے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اہلسنت سے جاری بیان میں کیا،شاداب رضا نقشبندی نے کہا کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی نے کم آمدنی والے گھرانوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے ، جس کے نتیجے میں لاکھوں خاندان معاشی محرومی کا شکار ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت کو ایسی معاشی پالیسیاں تشکیل دینی چاہئیں جو عوامی ضروریات اور زمینی حقائق سے ہم آہنگ ہوں، روزگار کے نئے مواقع پیدا کیے جائیں، مہنگائی پر مؤثر قابو پایا جائے اور کمزور طبقات کو حقیقی ریلیف فراہم کیا جائے تاکہ معاشی ترقی کے فوائد معاشرے کے ہر فرد تک یکساں طور پر پہنچ سکیں،۔