پٹرول قیمتوں میں معمولی کمی شرمناک مذاق،منعم ظفر
حکمرانوں کی شاہ خرچیاں، پروٹوکول اور عیاشیاں بدستور جاری ہیںکوثر ٹاؤن میں پارک اورگلیوں میں پیور بلاک منصوبے کے افتتاح
کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے پٹرول کی قیمت میں صرف ایک روپے 97پیسے کمی عوام کے ساتھ شرمناک مذاق ہے ،پوری دنیا میں تیل کی قیمتیں کم ہو رہی ہیں، مگر پاکستان میں عوام کو اس کا فائدہ نہیں دیا جا رہا، جبکہ حکمرانوں کی شاہ خرچیاں، پروٹوکول اور عیاشیاں بدستور جاری ہیں،دوسری طرف عوام مہنگائی کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں۔ امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں غیر منصفانہ اضافے اور مہنگائی کے خلاف ملک گیر احتجاجی تحریک جاری رہے گی،عوام ظلم، ناانصافی اور کرپشن کے خلاف جماعتِ اسلامی کا ساتھ دیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹاؤن میونسپل کارپوریشن ماڈل کالونی کے تحت کوثر ٹاؤن میں حضرت عثمان غنیؓ فیملی (خواتین) پارک کے افتتاح، مہران ٹاؤن سے پاک کوثر ٹاؤن تک تقریباً ڈیڑھ کلومیٹر طویل سڑک، یوسی 7 میں دس گلیوں میں پیور بلاک منصوبے کے افتتاح اور بعد ازاں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہر کے عوام کو پانی، سیوریج، صحت، تعلیم اور بنیادی انفرااسٹرکچر کی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے ، مگر بدقسمتی سے پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت نے کراچی کو مسلسل نظر انداز کیا ہے ۔جماعت اسلامی کے منتخب بلدیاتی نمائندے صرف اپنے دائرہ اختیار تک محدود نہیں بلکہ پانی، سیوریج اور دیگر شہری مسائل بھی اپنے محدود وسائل سے حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، جماعت اسلامی کراچی کے 9 ٹاؤنز کی تین سالہ کارکردگی میڈیا اور عوام کے سامنے پیش کرے گی۔ عباسی شہید اسپتال کے ہاؤس آفیسرز اور پوسٹ گریجویٹ ڈاکٹرز 2ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر سراپا احتجاج ہیں،نوجوان ڈاکٹرز کے ساتھ ناانصافی برداشت نہیں کی جائے گی۔