میرپور خاص، باندھی میں کارروائی،گندم کے متعدد گودام سیل

میرپور خاص، باندھی میں کارروائی،گندم کے متعدد گودام سیل

کریک ڈاؤن کے دوران برآمد بڑی مقدار میں گندم سرکاری تحویل میں لے لی گئیشہری نشاندہی کریں،ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کارروائیاں جاری رہیں گی،ضلعی حکام

میرپور خاص، باندھی (بیورو رپورٹ، نمائندہ دنیا) میرپورخاص اور باندھی میں گندم کی ذخیرہ اندوزی کے خلاف کریک ڈاؤن جاری، متعدد گودام سیل کر دئیے گئے ۔ تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر میرپورخاص نواب سمیر نور لغاری کے احکامات پر اسسٹنٹ کمشنر حسین بخش مری نے ٹنڈو آدم ناکے کے قریب گندم کی غیر قانونی ذخیرہ اندوزی میں ملوث 2 گوداموں کو سیل کر دیا۔ کارروائی کے دوران بڑی مقدار میں گندم برآمد ہوئی جسے سرکاری تحویل میں لے لیا گیا۔ انتظامیہ کے مطابق خفیہ اطلاعات پر کارروائی کی گئی۔ اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا ہے کہ ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور کسی کو بھی عوام کے بنیادی حق یعنی سستی آٹے کی فراہمی میں رکاوٹ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ شہریوں نے ضلعی انتظامیہ کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اس طرح کی کارروائیاں تسلسل کے ساتھ جاری رکھی جائیں تاکہ مارکیٹ میں گندم اور آٹے کی دستیابی یقینی بنائی جا سکے ۔ادھر باندھی میں اسسٹنٹ کمشنر دوڑ ذاکر کاکڑ اور محکمہ خوراک کی مشترکہ ٹیم نے گندم کی غیرقانونی ذخیرہ اندوزی کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے سجاد مری سمیت دیگر تاجروں کے گودام سیل کر دیے ۔ کارروائی کے دوران اسسٹنٹ کمشنر ذاکر کاکڑ نے واضح کیا کہ گندم کی ذخیرہ اندوزی کسی بھی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جن دیہات یا علاقوں میں تاجروں نے بڑی مقدار میں گندم چھپا کر یا ذخیرہ کر رکھی ہے ، وہاں کے شہری اور دیہاتی فوری طور پر ایسے گوداموں کی نشاندہی کریں تاکہ انتظامیہ بلا تاخیر قانون کے مطابق سخت کارروائی کر سکے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...