پنگریو:کئی ماہ سے تنخواہیں بند،ٹاؤن کمیٹی ملازمین کا دھرنا
فاقوں پر مجبور ملازمین کا احتجاج،خواتین بھی سڑکوں پر نکل آئیں، نعرے بازیمستقل، عارضی ملازمین کی تمام بقایا تنخواہیں فوری طور پر جاری کی جائیں،مظاہرین
پنگریو (نمائندہ دنیا) فاقوں پر مجبور ٹاؤن کمیٹی کے ملازمین کا احتجاجی دھرنا،کئی ماہ سے تنخواہیں بند، خواتین بھی سڑکوں پر نکل آئیں۔ ٹاؤن کمیٹی پنگریو کے مستقل اور کنٹریکٹ ملازمین نے کئی ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے پریس کلب کے سامنے دھرنا دیا۔ احتجاج کی قیادت ماموں قمبرانی، عبدالغنی کوری اور محسن کنبھار نے کی، جبکہ خواتین ملازمین نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مظاہرین نے نعرے بازی کرتے ہوئے حکومت سندھ، محکمہ بلدیات اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ ملازمین کی تمام بقایا تنخواہیں فوری طور پر ادا کرکے ان کے معاشی مسائل کا خاتمہ کیا جائے ۔ مظاہرین نے بتایا کہ ٹاؤن کمیٹی کے مستقل ملازمین گزشتہ دو ماہ سے جبکہ عارضی ملازمین مسلسل چھ ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہیں۔ مہنگائی کے موجودہ دور میں کئی کئی ماہ تک تنخواہوں کی عدم ادائیگی نے ملازمین اور ان کے اہل خانہ کو شدید مالی مشکلات سے دوچار کر دیا ہے ،گھروں میں فاقہ کشی جیسی صورتحال پیدا ہو چکی ہے ، بچوں کی تعلیم، علاج معالجہ، یوٹیلیٹی بلوں اور روزمرہ ضروریات پوری کرنا ناممکن ہوتا جا رہا ہے ۔ ان کا کہنا تھا وہ متعدد بار متعلقہ حکام کو اپنی مشکلات سے آگاہ کر چکے ہیں، لیکن اب تک کوئی مؤثر اقدام نہیں کیا گیا، جس کے باعث انہیں احتجاج کا راستہ اختیار کرنا پڑا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ مستقل اور عارضی ملازمین کی تمام بقایا تنخواہیں فوری طور پر جاری کی جائیں، آئندہ ہر ماہ بروقت تنخواہوں کی ادائیگی کو یقینی بنایا جائے اور بلدیاتی اداروں کو درپیش مالی بحران کے مستقل حل کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments