میرپور خاص شہر میں صفائی کے ناقص انتظامات سے شہری پریشان
جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر، سیوریج پانی کے باعث مچھروں کی افزائش ہونے لگیشہری مختلف بیماریوں میں مبتلا، صفائی والا عملہ علاقوں میں کہیں بھی نظر نہیں آتا
میرپور خاص (بیورو رپورٹ)شہر میں صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات، جگہ جگہ گندگی کے ڈھیروں اور سیوریج کے جمع پانی نے شہریوں کو پریشان کردیا، مچھروں کی افزائش میں تشویشناک حد تک اضافہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں شہری مختلف بیماریوں میں مبتلا ہونے لگے ۔ شہر میں ایک میونسپل کارپوریشن، ایک میئر، دو ٹاؤنز اور تقریباً دو درجن چیئرمین موجود ہونے کے باوجود صفائی کی صورتحال ابتر ہے ، صفائی عملہ کسی بھی علاقے میں نظر نہیں آتا، شہر کے مختلف علاقوں ٹورآباد، اقبال نگر، ڈھولن آباد، جمناداس بلوچ پاڑہ، والکرٹ ٹاؤن، ہیرآباد اور لطیف ٹاؤن سمیت دیگر علاقوں میں گندگی کے ڈھیر، کھلے نالے اور سیوریج پانی مچھروں کی افزائش کیلئے سازگار ماحول پیدا کررہا ہے ، شہریوں کا کہنا ہے کہ مچھروں کی بہتات کے باعث رات کے اوقات میں گھروں میں رہنا بھی مشکل ہوگیا ہے ، جبکہ بچوں، بزرگوں کو مچھروں کے کاٹنے سے ملیریا، نزلہ،زکام، الٹی، دست سمیت دیگر بیماریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ دوسری جانب شہر کے مختلف اسپتالوں اور طبی مراکز میں ملیریا، نزلہ، زکام، بخار اور دیگر موسمی و مچھروں سے پھیلنے والی بیماریوں کے مریضوں کی تعداد میں اضافے کی اطلاعات ہیں، شہریوں نے میونسپل کارپوریشن اور متعلقہ ٹاؤن انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر بھر میں فوری صفائی مہم شروع کی جائے ، سیوریج کے نظام کو بہتر بنایا جائے ، گندگی کے ڈھیروں کو اٹھایا جائے اور مچھروں کے خاتمے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اسپرے کرایا جائے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments