مہران ٹاؤن ، مکینوں کا قبضہ مافیا ،جعلی مقدمات کیخلاف احتجاج
خواتین، بچوں اور بزرگوں کی شرکت،بینرز پرمافیا کے خلاف نعرے درج پولیس و مسلح افراد پر گھروں میں داخل ہوکر دباؤ ڈالنے کا الزام، تحفظ کا مطالبہ
کراچی(اسٹاف رپورٹر)مہران ٹاؤن کورنگی کے مکینوں نے اپنے گھروں کے مبینہ تحفظ، قبضہ مافیا اور جعلی مقدمات کے خلاف پریس کلب کے باہراحتجاجی مظاہرہ کیا۔ احتجاج میں خواتین، بچوں، مردوں اور بزرگوں سمیت علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر لینڈ مافیا کے خلاف نعرے درج تھے ۔ مظاہرین نے الزام عائد کیا کہ لینڈ مافیا و فائل مافیا کے سرغنہ عبدالکریم نیازی کیخلاف متعدد ایف آئی آرز درج ہیں اور اس کا مبینہ طور پر وسیع کرمنل ریکارڈ موجود ہے۔
مظاہرین کے مطابق عبدالکریم نیازی اپنے مبینہ ساتھیوں ربنواز بھٹی،جنید جمالی اورحمید چودہری کے ذریعے پولیس سے ساز باز کرکے مہران ٹاؤن کے مکینوں کے خلاف سریا اور سیمنٹ چوری سمیت مختلف نوعیت کے مبینہ جعلی مقدمات درج کرواتا ہے۔ علاقہ مکینوں کا کہنا تھا کہ مبینہ طور پر پولیس اور نجی مسلح افراد کے ذریعے رات کے اوقات میں مکینوں کے گھروں میں داخل ہوکر انہیں اٹھایا جاتا ہے اور دباؤ کے ذریعے جعلی معاہدوں پر دستخط کروائے جاتے ہیں جن کی ویڈیوز بھی بنائی جاتی ہیں۔
مظاہرین کے مطابق بعد ازاں انہی مبینہ معاہدوں کو بنیاد بنا کر مکانات خالی کروانے اور بعض گھروں کو مسمار کرنے کی کوشش کی جاتی ہے ۔مظاہرین نے مزید الزام عائد کیا کہ کے ڈی اے کے بعض افسران بھی مبینہ طور پر عبدالکریم نیازی کے ساتھ ملے ہوئے ہیں۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ مہران ٹاؤن کے مکینوں کے گھروں کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments