سائٹ صنعتی علاقے میں ترقیاتی منصوبوں پر کام شروع
سندھ حکومت کی صنعتی زونز کیلئے 11 ارب 25 کروڑ کی خصوصی گرانٹترقیاتی سرگرمیاں 15 دسمبر سے قبل مکمل کرلی جائیں گی، کرم اللہ وقاصی
کراچی(اسٹاف رپورٹر)ترجمان میئر کراچی کرم اللہ وقاصی نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کی خصوصی مالی معاونت سے سائٹ سپر ہائی وے صنعتی علاقے میں بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے منصوبوں پر عملی کام شروع کردیا گیا ہے جبکہ تمام ترقیاتی سرگرمیاں مقررہ رفتار کے ساتھ جاری رکھتے ہوئے 15 دسمبر سے قبل مکمل کرلی جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ سندھ حکومت نے کراچی کے سات صنعتی زونز میں ترقیاتی ضروریات پوری کرنے کے لیے مجموعی طور پر 11 ارب 25 کروڑ روپے کی خصوصی گرانٹ مختص کی ہے اور یہ رقم متعلقہ صنعتی علاقوں کے اکاؤنٹس میں منتقل کردی گئی ہے۔ ان کے مطابق سائٹ سپر ہائی وے صنعتی علاقے کے لیے 70 کروڑ روپے فراہم کیے گئے ہیں، جس سے وہاں بنیادی سہولتوں اور ضروری ترقیاتی کاموں کو آگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ اس مالی معاونت کی ایک نمایاں خصوصیت یہ ہے کہ صنعتکاروں کو اپنے علاقوں کی ترقیاتی ترجیحات طے کرنے کا اختیار دیا گیا ہے ۔ ان کے مطابق صنعتکار برسوں سے اپنے علاقوں کی زمینی ضروریات سے واقف ہیں، اس لیے حکومت نے یہ مناسب سمجھا کہ ترقیاتی منصوبوں کے انتخاب میں انہیں فیصلہ سازی کا حصہ بنایا جائے ۔ صنعتکاروں کو براہ راست ترقیاتی فنڈز فراہم کرکے اپنی ترجیحات کے مطابق منصوبے مکمل کرانے کا اختیار دینا پاکستان میں اپنی نوعیت کا منفرد اقدام ہے ۔ ان کے مطابق اس طرزِ عمل سے سرکاری وسائل کے استعمال میں شفافیت اور ضرورت کی بنیاد پر ترجیحات طے کرنے کا موقع ملتا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments