موبائل چھیننے والے 2ڈاکو مبینہ مقابلے میں ہلاک
موٹرسائیکل سوار ملزمان نارتھ ناظم آباد میں لوٹ مار کر رہے تھے ہلاک ڈاکو بنارس کے رہائشی تھے ،مارے جانے والوں کے ورثا کا احتجاج
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)نارتھ ناظم آباد قلندریہ چوک کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں شہریوں سے موبائل فون چھیننے والے 2 ڈاکو ہلاک ہوگئے ۔تفصیلات کے مطابق شاہراہِ نور جہاں پولیس نے نارتھ ناظم آباد بلاک جے قلندریہ چوک کے قریب مبینہ مقابلے میں 2 ڈاکوؤں کو ہلاک کر دیا۔ مارے جانے والے دونوں ڈاکو بنارس کے رہائشی تھے جن کی شناخت ذیشان خان عرف گران ولد لطیف خان اور سعود عرف لالی ولد عبدالودود کے نام سے کی گئیں، واقعے کی اطلاع ملنے پر ہلاک ڈاکوؤں کے ورثا عباسی شہید اسپتال پہنچ گئے اور پولیس کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ایس ایچ او شارع نورجہاں انسپکٹر افتخار خان نے بتایا کہ گرفتار ملزمان سے دو پستول ، چھینے گئے 5 موبائل فونز اور نئے ماڈل کی سرخ رنگ کی 125 موٹرسائیکل برآمد کی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ صبح تقریباً سوا سات بجے موٹرسائیکل سوار دو ڈاکو شہریوں سے لوٹ مار کر رہے تھے کہ گشت پر مامور پولیس موبائل اور موٹرسائیکل سوار اہلکار موقع پر پہنچ گئے ، پولیس کو دیکھ کر ملزمان نے فائرنگ شروع کردی، پولیس کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں دونوں ملزمان موقع پر مارے گئے ۔ ملزمان نے شارع نور جہاں پر چار مختلف شہریوں سے موبائل فونز ، کیش رقم اور بیگ چھیپا تھا، مثاثرہ شہری بھی ڈاکوؤں کی ہلاکت کی اطلاع ملنے پر تھانے پہنچ گئے اور مارے جانے والے ملزمان کو شناخت کر لیا، پولیس نے متاثرہ شہریوں کی مدعیت میں چار مقدمات درج کر لیے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments