لاڑکانہ:طبی فضلے کی غیر محفوظ تلفی پرآخری وارننگ اجرا کا فیصلہ
نجی اسپتالوں ، لیبارٹریز کوانتظام کی ہدایت، ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت جائزہ اجلاسبعض اسپتال، لیبز، بلڈ بینکس غفلت کے مرتکب، تعاون نہیں کرتے ، فوکل پرسن
لاڑکانہ(بیورو رپورٹ)طبی فضلے کی غیر محفوظ تلفی پر نجی اسپتالوں اور لیبارٹریوں کو آخری وارننگ جاری کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا، ڈپٹی کمشنر لاڑکانہ طارق منظور چانڈیو کی ہدایات پر ایچ آئی وی اور دیگر متعدی بیماریوں سے بچاؤ اور انفیکشن پریونشن اینڈ کنٹرول پروٹوکولز پر عمل درآمد کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر لاڑکانہ ڈاکٹر شوکت علی ابڑو نے کی، جبکہ ضلعی ایچ آئی وی/آئی پی سی فوکل پرسن ڈاکٹر فرمان علی ابڑو نے معاونت کی۔اجلاس میں انکشاف کیا گیا کہ بعض نجی طبی مراکز، بلڈ بینکس اور لیبارٹریاں متعدی طبی فضلے کو مقررہ طریقہ کار کے مطابق تلف نہیں کر رہیں اور متعلقہ ضوابط پر عمل درآمد میں تعاون نہیں کرتیں۔
اجلاس میں خبردار کیا گیا کہ طبی فضلے کی غیر محفوظ تلفی اور دوبارہ استعمال سے ہیپاٹائٹس، ایچ آئی وی اور دیگر متعدی بیماریوں کے پھیلاؤ کا خطرہ بڑھ سکتا ہے ۔چانڈکا میڈیکل کالج اسپتال لاڑکانہ کی آئی پی سی فوکل پرسن ڈاکٹر ماروی قاضی نے طبی فضلے کو محفوظ طریقے سے تلف کرنے کے حوالے سے بریفنگ دی اور نجی طبی مراکز، بلڈ بینکس اور لیبارٹریوں کی فہرست پیش کی۔ڈی ایچ او ڈاکٹر شوکت علی ابڑو نے ڈاکٹر دیالی گل کو ہدایت کی کہ ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے نجی طبی مراکز کو پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم اے ) کے ذریعے طبی فضلے کی محفوظ تلفی اور انسنریٹرز میں جلانے کے حوالے سے آخری وارننگ نوٹس جاری کیے جائیں بصورت دیگر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کارروائی کی جائے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments