عوام کو مہنگائی کے رحم وکرم پر چھوڑدیاگیا،اراکین اسمبلی متحدہ

عوام کو مہنگائی کے رحم وکرم پر چھوڑدیاگیا،اراکین اسمبلی متحدہ

حکومت گندم کی قلت، آٹا قیمتوں ،چکیوں، فلورملز کو درپیش مسائل کا نوٹس لے ایل پی جی کی سرکاری قیمت پر فروخت یقینی بنائی جائے ، صابر قائمخانی، ناصر قریشی

حیدر آباد (بیورو رپورٹ) ایم کیو ایم کے اراکین سندھ اسمبلی نے کہا ہے حکومت آٹا اور ایل پی جی قیمتوں، مہنگائی میں ہوشربا اضافے کا خاتمہ، سرکاری اسپتالوں میں صحت کی سہولیات فراہم کرے ،آٹا چکیوں، فلور ملز کو گندم کوٹہ چالان کا فوری اجرا کیا جائے ۔ اراکین سندھ اسمبلی انجینئر صابر حسین قائم خانی اور ناصر حسین قریشی نے پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد میں آٹے اور ایل پی جی سمیت مختلف اشیا کی قیمتوں میں من مانا اضافہ کر دیا گیا ہے ، جس کی وجہ سے عام شہریوں متوسط اور غریب طبقے کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے ، عوام کو مہنگائی کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے جو ضلعی انتظامیہ اور پرائس کنٹرول کمیٹی کی کارکردگی پر ایک سوالیہ نشان ہے ۔ انہوں نے کہا حیدرآباد میں آوارہ کتوں کے کاٹنے کے واقعات میں اضافہ شہریوں بالخصوص بچوں کی سلامتی کے لیے تشویشناک ہے ،سندھ حکومت، وزیر صحت اور سیکرٹری صحت سنگین صورتحال پر فوری توجہ دیں اور واقعات کی فوری غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائیں۔

انہوں نے کہا موسم میں سرما کی آمد سے قبل ڈینگی خطرات کے پیش نظر شہری علاقوں میں پیشگی حفاظتی اقدامات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے شہر کے مختلف علاقوں میں صفائی ستھرائی، نکاسی آب اور مچھروں کی افزائش روکنے کے لیے موثر انتظامات کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے وزیراعظم، وزیراعلیٰ سندھ اور وفاقی وزیر قومی غذائے و تحفظ و تحقیق سے اپیل کی گندم کی قلت، آٹے کی بڑھتی قیمتوں ،چکیوں اور فلورملز کو درپیش مسائل کا فوری نوٹس لیں۔انہوں نے ایل پی جی کی سرکاری قیمت پر فروخت اور اشیا خورونوش کی قیمتوں پر بھی کنٹرول کرنے کا مطالبہ کیا۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...