98تحصیلوں میں سمارٹ سیف سٹیز :معاہدے پردستخط
فیز ٹو کے تحت مزید 19 شہروں میں میں سیف سٹیز کی تکمیل کی جائیگی
لاہور( کرائم رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن محفوظ پنجاب کو عملی شکل دینے کی جانب ایک اور اہم پیش رفت سامنے آ گئی ہے ۔ صوبہ پنجاب کی 98 تحصیلوں میں سمارٹ سیف سٹیز کے قیام کے منصوبے کے تحت سنٹرل پولیس آفس میں معاہدے پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی۔ ترجمان سیف سٹی کے مطابق معاہدے پر منیجنگ ڈائریکٹر نیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن بریگیڈیئر عظمت شبیر اور منیجنگ ڈائریکٹر پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی محمد احسن یونس نے دستخط کیے ۔ معاہدے کے تحت این آر ٹی سی 31 دسمبر 2026 تک پنجاب کی 98 تحصیلوں میں سمارٹ سیف سٹیز قائم کرے گی۔ایم ڈی سیف سٹی محمد احسن یونس نے بتایا کہ این آر ٹی سی کے ساتھ معاہدے کے تحت فیز ون میں ملتان، شیخوپورہ، سیالکوٹ، جہلم، اٹک، سرگودھا اور ڈی جی خان سمیت 18 شہروں میں سمارٹ سیف سٹیز منصوبہ سو فیصد مکمل کیا جا چکا ہے ۔ فیز ٹو کے تحت مزید 19 شہروں میں 31 مارچ تک سمارٹ سیف سٹیز کی تکمیل کر لی جائے گی۔