پنجاب: 50ہزارٹن کوڑا ڈمپنگ سے پانی میں آلودگی برقرار
صوبہ میں12 کروڑ سے زائد آبادی کا روزانہ50ہزارٹن سالڈ ویسٹ ڈمپ کیاجارہالاہور سمیت5 شہریوں میں گرین ہائوس گیسز اخراج کے درجنوں ہاٹ سپاٹ بننے لگے
لاہور(عمران اکبر)لاہور سمیت پنجاب بھر میں12کروڑ سے زائد آبادی کا روزانہ50ہزارٹن سالڈ ویسٹ ٹھکانے لگایا جانے لگا ، صوبے میں50ہزارٹن کوڑا ڈمپنگ سے پانی میں آلودگی کی وجہ برقرار ، بڑے پیمانے پرماحولیاتی اثرات مرتب ہونے کا خدشہ بڑھنے لگا ۔ بڑے شہروں لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، ملتان اور فیصل آباد میں ہزاروں ٹن کوڑا ڈمپنگ سے گرین ہائوس گیسز اخراج کے درجنوں ہاٹ سپاٹ بننے لگے ۔ستھرا پنجاب اتھارٹی کوڑا ڈمپ کرنے سے پانی میں آلودگی کی وجہ برقرار رہنے کی رپورٹ پنجاب حکومت کو بھجوائی جائیگی۔ ذرائع کے مطابق شہری اوردیہی علاقوں فضلہ جمع کرنے اور تلف کرنے پر سالانہ تقریباً 150ارب روپے خرچ ہورہے ہیں ۔147 تحصیلوں میں فضلہ تلف کرنے سے زمینی پانی میں آلودگی بڑھنے لگی۔گرین ہاؤس گیسز گلوبل وارمنگ کا سبب بنتی ہیں،سالڈ ویسٹ میں 55 فیصد کچن،14فیصد پلاسٹک اور 12فیصدڈائپر ویسٹ ہوتا ہے ،فضلہ میں 60فیصد سے زیادہ نمی جلانے کیلئے نامناسب ہوتی ہے۔فضلہ سالانہ 13 سے 16 ملین ٹن کاربن ڈائی آکسائیڈ کے برابر گیسز فضا میں خارج کرتا ہے ۔ستھرا پنجاب اتھارٹی حکام کا کہنا ہے کہ یہ بہت بڑا چیلنج ہے ،ماحولیاتی آلودگی کم کرنے کیلئے تمام محکمے کام کر رہے ہیں ۔