پنجاب بھر کی اہل آئی ٹی کمپنیوں کیلئے رجسٹریشن کا آغاز
کمپنی کا پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ سے رجسٹرڈ ہونا ضروری
لاہور(خبر نگار)صوبے میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے کو فروغ دینے اور نوجوان گریجوایٹس کو عملی تجربہ فراہم کرنے کیلئے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے چیف منسٹر آئی ٹی انٹرن شپ پروگرام کے تحت پنجاب بھر کی اہل آئی ٹی کمپنیوں کیلئے رجسٹریشن کا آغاز کر دیا ہے ۔ پروگرام میں شمولیت کیلئے کمپنی کا پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ سے رجسٹرڈ ہونا، پنجاب میں فعال دفتر اور مناسب دفتری ماحول فراہم کرنا ضروری ہے ۔ اس پروگرام کے تحت حکومتِ پنجاب ہر انٹرن کیلئے 50,000 روپے ماہانہ وظیفہ فراہم کرے گی جبکہ کمپنی کو فی انٹرن 12,500 روپے ماہانہ بطور ایڈمنسٹریٹو سپورٹ دیے جائیں گے۔ اس حوالے سے پی آئی ٹی بی چیئرمین فیصل یوسف کا کہنا تھا کہ اس پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق مہارتیں فراہم کرنا ہمارا ہدف ہے ۔