مساجد میں سرکاری قیمت پرگوشت خریداری کے اعلانات
اے سی چونیاں کے اعلان پر شہریوں کا گوشت خریدنے کیلئے دکانوں پر رش
تلونڈی(نامہ نگار)زائد نرخوں پر گوشت فروخت کرنے کی شکایات، اسسٹنٹ کمشنر چونیاں کے مساجد میں سرکاری قیمت پرگوشت خریداری کے اعلانات،تفصیل کے مطابق شامکوٹ میں قصابوں کی جانب سے سرکاری نرخنامے سے زائد قیمت پر گوشت فروخت کرنے کی شکایات پر اسسٹنٹ کمشنر چونیاں نے فوری ایکشن لیتے ہوئے علاقہ کا دورہ کیا اور مساجد میں اعلانات کروائے گئے کہ جو شہری سرکاری ریٹ پر گوشت خریدنا چاہتے ہیں وہ متعلقہ دکانوں پر آئیں۔ اعلانات کے بعد عوام کی بڑی تعداد گوشت کی دکانوں پر پہنچ گئی، جہاں سرکاری نرخنامہ آویزاں کروا کر اس پر عملدرآمد یقینی بنایا گیا۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر چونیاں غلام مصطفٰے نے واضح کیا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے جاری کردہ نرخنامے پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے گا اور من مانے نرخ وصول کرنے والوں کے خلاف جرمانے اور قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ناجائز منافع خوری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور عوام کو ریلیف فراہم کرنا انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے ۔