ڈی پی اوساہیوال کی کھلی کچہری، شہریوں کے مسائل سنے
عوامی مسائل کا شفاف اور منصفانہ ازالہ اولین ذمہ داری ہے،عثمان ٹیپو
ساہیوال ، چیچہ وطنی(سٹی رپورٹر، نمائندہ دنیا ) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ساہیوال محمد عثمان ٹیپو کی زیر صدارت ڈی پی او آفس کمپلینٹ سیل میں کھلی کچہری منعقد کی گئی، جس میں شہریوں نے اپنے مختلف نوعیت کے مسائل براہ راست ڈی پی او ساہیوال کے سامنے پیش کئے ۔ ڈی پی او ساہیوال نے تمام سائلین کی شکایات خود توجہ سے سنیں اور موقع پر ہی متعلقہ افسروں کو ان مسائل کے فوری حل کے لیے ضروری ہدایات جاری کیں۔ اس موقع پر ڈی پی او ساہیوال محمد عثمان ٹیپو کا کہنا تھا کہ عوامی مسائل کا بروقت، شفاف اور منصفانہ ازالہ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے ، کھلی کچہریوں کا مقصد شہریوں اور پولیس کے درمیان اعتماد کو فروغ دینا اور عوام کو فوری انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے ۔